تلنگانہ میں مانسون سرگرم، ہفتہ کی رات حیدرآباد میں دھواں دھار بارش
783 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ، سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب، ٹریفک نظام مفلوج
آئندہ دو دنوں کے دوران ریاست میں مزید بارش کی پیش قیاسی، ایلو الرٹ جاری
حیدرآباد : 24/جون (سحر نیوز ڈاٹ کام)
جاریہ سال ریاست تلنگانہ میں مانسون زائد از دو ہفتوں کی تاخیر سے داخل ہونے کے بعد دارالحکومت حیدرآباد پر چھاگیا ہے۔جبکہ چند اضلاع میں بھی مانسون کی پہلی بارش کا سلسلہ آج سے جاری ہوگیا ہے۔گذشتہ دو دنوں سے حیدرآباد میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
آج ہفتہ کی شام دیر گئےسےحیدرآباد کےمختلف علاقوں میں دھواں دھار اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔حیدرآباد کومکمل طور پر شرابور کردینےوالی اس شدید بارش کےباعث کئی علاقوں میں ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا،سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے عوام کو انتباہ دیا گیا ہے کہ وہ بلاء ضرورت اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
آج ہفتہ کی رات 30-8 بجے سے بارش کا آغاز ہوا۔بالخصوص جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز،منی کونڈہ، یوسف گوڑہ،میاں پور، پنجہ گٹہ،امیر پیٹ،دلسکھ نگر، ایل بی نگر،ونستھلی پور کے علاوہ پرانے شہرکے تقریباً تمام علاقوں میں شدید ترین بارش کے باعث سڑکیں جھیلوں اور تالابوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔رات 30-11 بجے تک بھی شہر کے کئی علاقوں میں تیز ، ہلکی اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق حیدرآباد کے دیگر علاقوں میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ساتھ ہی پیش قیاسی کی گئی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق آج حیدرآباد میں سب سے زیادہ 65 ملی میٹربارش جوبلی ہلز میں ریکارڈ کی گئی ہے۔شیخ پیٹ میں 55.3 ملی میٹر، سیری لنگم پلی کے ایک ڈیژن میں 51.3 ملی میٹر اور دوسرے ڈویژن میں 50.8 ملی میٹرشیخ پیٹ کےہی مزید دو ڈویژنس میں بالترتیب 46 ملی میٹر اور41.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔وہیں راجندر نگر میں 40.3 ملی میٹر، بیگم پیٹ (سکندرآباد) میں 39.5 ملی میٹر،
https://www.facebook.com/HYDTP/videos/722534736345947
یوسف گوڑہ میں 39 ملی میٹر،خیریت آباد میں 37.3 ملی میٹر، پاٹی گڈہ میں 37 ملی میٹر،مشیرآباد میں 36.3 ملی میٹر،چندا نگر(سیری لنگم پلی) میں 34.3 ملی میٹر ، کاپرا میں 31.8 ملی میٹر،بالا نگر میں 31.5 ملی میٹر،الوال میں 30,5 ملی میٹر،راجندرنگر کے دیگر دو سرکلس اورملکاجگیری میں بالترتیب 29.3 ملی میٹر اور بنڈلہ گوڑہ میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ حیدرآباد کے دیگر علاقوں میں ریکارڈ بارش کی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔
دوسری جانب ضلع سنگاریڈی کے ناگل گڈا میں سب سے زیادہ 67.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔تلنگانہ کے بیشتر اضلاع بشمول رنگاریڈی، وقارآباد، سنگاریڈی، ظہر آباد ، نارائن پیٹ،محبوب نگر، کاماریڈی، پیدا پلی،منچریال، سدی پیٹ اور دیگر اضلاع میں ھی شدید بارش ہوئی۔
آئندہ دو دنوں کے دوران ریاست میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات حیدرآباد کے مطابق اضلاع عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، نظام آباد، نرمل،منچریال، جگتیال، کاماریڈی،راجنا سرسلہ، کریم نگر،جے شنکر بھوپال پلی اور پیداپلی سمیت دیگر اضلاع میں آئندہ دو دنوں کے دوران موسلادھار بارش ہوگی اور ان اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔


