تانڈور میں سڑکوں کی توسیع اور ڈرینس کی تعمیر کے لیے مزید 20 کروڑ 20 لاکھ روپئے منظور

تانڈور میں سڑکوں کی توسیع اور ڈرینس کی تعمیر کے لیے مزید 20 کروڑ 20 لاکھ روپئے منظور
محکمہ آر اینڈ بی تلنگانہ کی جانب سے جی او جاری، جاریہ ماہ ہی 25 کروڑ منظور کیے گئے تھے
وزیر اعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ سے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کا اظہار تشکر

وقارآباد/تانڈور: 25/مئی(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن اور تانڈور میں داخل ہونےوالی شاہراہوں کی توسیع و تعمیر کےلیے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی جانب سے حکومت سے نمائندگی اور رقمی منظوری کا سلسلہ جاری ہے۔

حکومت تلنگانہ کی جانب سے حیدرآباد۔تانڈور روڈ پر موجود موضع خوانجہ پور تا ولیم مون اسکول سہء راہا تک سڑک کی توسیع اور ڈرینس کی تعمیر کے لیے مزید 5 کروڑ 20 لاکھ روپئے اور تانڈور۔ظہیر آباد روڈ پر ملک سنٹر تا موضع انتارام اور اس موضع سےبائی پاس روڈ تک چار رخی سڑک کی توسیع اور دونوں جانب ڈرینس کی تعمیرکے لیے 15 کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔اس سلسلہ میں محکمہ آر اینڈ بی حکومت تلنگانہ کی جانب سے جی او نمبر 237 جاری کیا گیا ہے۔

یادرہےکہ جاریہ ماہ 16 مئی کو ہی حکومت تلنگانہ کی جانب سے تانڈور کے لیے 25 کروڑ روپئےمنظور کیے گئے تھے اور اس کے لیے محکمہ آر اینڈ بی کی جانب سے اس سلسلہ میں جی او نمبر 217 جاری کیا گیاتھا۔اس رقم سے تانڈور۔محبوب نگرشاہراہ پر موجود بس اسٹانڈ سےبراہ امبیڈکر چوک ،اندرا چوک،شیواجی چوک کرناٹک کی جانب جانےوالی گوتاپور روڈ پر موجود سینٹ مارکس ہائی اسکول تک سڑک کی دونوں جانب باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کی تکمیل کی جائے گی۔سڑک کی تعمیر کےساتھ ساتھ فٹ پاتھوں کی تعمیر،سڑک کے درمیان روڈ ڈیوائیڈر، ان میں مختلف پودے لگانا اور رنگ وروغن کے کام شامل ہیں۔

اس طرح تانڈور میں سڑکوں کی توسیع و دیگر تعمیراتی کاموں کےلیے جاریہ ماہ 45 کروڑ 20 لاکھ روپئے کی منظوری اور جی اوز جاری کیے جانے پر رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے وزیر اعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ اور ریاستی وزیر آر اینڈ بی پرشانت ریڈی سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ کے سی آر سے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کل 24 مئی کواپنےوالد وٹھل ریڈی،والدہ کمودنی دیوی رکن ضلع پریشد اور اپنے بھائی رتیش ریڈی کےساتھ ملاقات کرتے ہوئے 7 جون کوتانڈور میں تعمیر کردہ اپنے جدید مکان کی گھر بھراؤنی تقریب میں شرکت کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے دعوت نامہ حوالے کیا۔جس پر وزیراعلیٰ نے رکن اسمبلی اور ان کے افراد خاندان کو مبارکباد دی۔

بعدازاں آج رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی ،وزیر پنچایت راج ایرابلی دیاکر راؤ،وزیر اقلیتی بہبود کوپولا ایشور، وزیر لیبر ملاریڈی،وزیر آر اینڈ بی ویمولہ پرشانت ریڈی کے علاوہ بی آر ایس پارٹی کے ارکان پارلیمان، ارکان قانون ساز کونسل ،ارکان اسمبلی،سابق وزراء اور پارٹی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے گھر بھراؤنی کے دعوت نامے حوالے کرتے ہوئے شرکت کی خواہش کی۔  

” یہ بھی پڑھیں "

تانڈور میں سڑکوں کی توسیع اور شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے 25 کروڑ روپئے منظور، محکمہ آر اینڈ بی تلنگانہ کی جانب سے جی او جاری