بنکاک سے کولکاتا آنے والی فلائٹ میں پرواز کے دوران بحث و تکرار، ایک مسافر پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بوچھاڑ

نئی تہذیب ہے یہ ٭٭ نیا ہے یہ زمانہ 
بنکاک سے کولکاتا آنے والی فلائٹ میں پرواز کے دوران 
بحث و تکرار،ایک مسافر پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بوچھاڑ

نئی دہلی: 29۔ڈسمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

کسی مسئلہ پر سڑکوں،کھلے مقامات اور بازاروں میں بحث و تکرار اور مارپیٹ عام بات ہے۔کسی بس یا ٹرین میں سیٹ کے مسئلہ پر یا خواتین سے چھیڑ چھاڑکےمعاملہ میں لڑائی جھگڑے کے اکثر مناظر دیکھے جاتے ہیں۔یہاں افسوس کامقام یہ ہےکہ اب ہر کوئی چھوٹی چھوٹی بات پر لڑنے اور مارنے کو تیار ہوگیا ہے۔سماج جانے یا انجانے میں پرتشدد ہوتا جارہا ہے۔

ایک دؤر تھا کہ قریب میں موجود یا وہاں سے گزرنے والے لوگ جھگڑا کرنے والوں کوسمجھا بجھا کر روانہ کردیا کرتے تھے۔لیکن برا ہو اس ترقی کا کہ لڑنے والوں کے درمیان مفاہمت کروانے یا انہیں سمجھابجھا کرخاموش کروانے کے بجائے لوگ یا تو خاموش رہنا بہتر سمجھنے لگے ہیں یا دیکھ کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔یا پھر اس لڑائی کا ویڈیو لے کرسوشل میڈیا پر ڈال دینے کی لت میں مبتلاء ہوگئے ہیں۔جو کہ یہ انتہائی خطرناک رحجان ہے اور یہ رحجان دن بہ دن سماج میں جڑ پکڑتا جارہا ہے۔اس کے لیے کون قصور وار ہیں یہ طئے کرنا مشکل ہوگیا ہے!

کیا آپ نےکبھی سوچاہے کہ طیاروں میں بھی کسی مسئلہ پر مار پیٹ اور لڑائی جھگڑا ہوتا ہے؟ اس کا جواب زیادہ تر نہیں میں ہی ہوگا۔!!

لیکن سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی کےساتھ وائرل ہے۔جوکہ ایک دؤران پرواز فلائٹ کا منظر ہے،جس میں دیکھاجاسکتا ہے کہ دو مسافروں کے درمیان کسی مسئلہ پربحث ہوتی ہے۔بحث کےدؤران دو ایئرہوسٹس مداخلت کرتے ہوئے اس بحث کو ختم کروانے کی کوشش کرتی ہیں۔ان میں سے ایک مسافر دوسرے مسافر سے کہتاہےکہ ہاتھ نیچے کر۔! بعدازاں اپنا چشمہ اتار کر اپنی جیب میں رکھنے کے بعد یہ مسافر اس مسافر کے چہرہ پر تابڑ توڑ تھپڑوں اور گھونسوں کی بوچھاڑ کردیتا ہے۔یہ منظر دیکھ کر ایئرہوسٹس وہاں سے ہٹ جاتی ہیں۔

مارنے والے اس مسافر کے ساتھ دیگر نصف درجن مسافر بھی اپنی اپنی نشستوں سے اٹھ کروہاں پہنچتے ہیں ان میں سے دیگر دو مسافر بھی اس مسافر کو تھپڑ اورگھونسے مارتے ہیں۔جی ہاں یہ سچ ہے۔
اس واقعہ کا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "

https://twitter.com/YadavMu91727055/status/1608085333354102786

اس لڑائی میں مصروف مسافرین کی گفتگو کو سناجائے تومحسوس ہوتا ہے کہ ان کا تعلق ہندوستان سے ہے۔تاہم اس بات کی اطلاع نہیں ہے کہ ان مسافرین کا تعلق کہاں سے ہے؟ لڑائی کی وجہ کیا تھی؟ اور طیارہ کے اترنے کے بعد کیا ان کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے۔؟

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کےمتعلق بتایا جارہا ہے کہ یہ واقعہ منگل کے دن تھائی اسمائیل ایئرویز کی فلائٹ میں اس وقت پیش آیا جب یہ فلائٹ مسافرین کو لے کر بنکاک سے کولکاتا آرہی تھی۔اور دوران پرواز پیش آئے اس واقعہ سے ایسالگ رہاتھاکہ یہ لوگ آسمان کی بلندیوں میں پرواز کرنے والے طیارہ میں نہیں بلکہ کسی سڑک کے کنارے پر لڑرہے ہیں۔! اس لڑائی کے باعث طیارہ میں سوار دیگر مسافروں اور عملے کو تشویش میں مبتلا دیکھاگیا۔اس طیارہ کی اگلی نشستیں خالی نظر آرہی ہیں تاہم وہاں دورکھڑی ایک اور ایئرہوسٹس اس لڑائی سے گھبرائی ہوئی نظر آرہی ہے۔ جو کہ ہمت کرکے بیچ بچاؤ کےلیے ان تک پہنچنے کی کوشش کرتی ہے تاہم گھبراکر واپس طیارہ کے دروازے کے قریب جاکر کھڑی ہوجاتی ہے۔

منا یادو نامی ہینڈل سے ٹوئٹر پر پوسٹ کیےگئے 51 سیکنڈ کے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ ” بنکاک سے کولکاتا فلائٹ”۔اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتاہے کہ نصف درجن کی اس ٹولی کی جانب سے اس تنہا مسافر کے ساتھ غنڈہ گردی کرتے ہوئے اسے مار پیٹ کرنے کے باؤجود وہ مار کھانےوالا نوجوان مسافر انہیں جوابی تھپڑ نہیں مارتا بلکہ وہ صرف ان کے گھونسے اور تھپڑوں سےخود کو بچانے کی کوشش کرتا ہے۔چند ساتھی مسافر اور ایئر ہوسٹس انہیں روکنے کی کوشش بھی کرتےہیں جبکہ دیگر کئی مسافر اپنی نشستوں پر بیٹھ کر یہ نظارہ خاموشی کے ساتھ دیکھتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس معاملہ کا ویڈیو وائرل ہونےکے بعد ایئرلائن انتظامیہ نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بحث و تکرار اس وقت شروع ہوئی جب اس مسافرنےکیبن کریو کی حفاظتی ہدایات پرعمل کرنےسے انکارکردیا۔این ڈی ٹی وی کوتھائی اسمائل ایئرویز نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ 26 دسمبر کو تھائی لینڈ سے کولکتہ جانے والی پرواز سے پہلے ہوا تھا۔عملے نےمسافروں سے کہا کہ وہ ٹیک آف کے لیے اپنی سیٹوں کو سیدھی پوزیشن پر ایڈجسٹ کریں جو کہ ایک معیاری حفاظتی طریقہ کار گھریلو پروازوں میں بھی اپنایا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق مسافروں میں سے ایک نے اپنی سیٹ ایڈجسٹ کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ اس کی کمر میں درد ہے۔

بار بار کہنے کے باوجود مسافر نےتعمیل نہیں کی اور اپنی سیٹ پر ٹیک لگائے بیٹھا رہا۔اسے یہ بھی بتایا گیا کہ اگر عملہ قوانین پر عمل نہیں کرتا تو کپتان کو مطلع کرنے پر مجبور ہوگا۔رپورٹ کے مطابق مسافر نے عملے سے کہا کہ وہ کپتان کو بتانے کے لیے آزاد ہیں لیکن وہ اپنی سیٹ ایڈجسٹ نہیں کرے گا۔جلد ہی دیگر مسافروں نے مسافر کے بارے میں شکایت کرنا شروع کر دی۔ان میں سے ایک کا اس کے ساتھ جھگڑا ہوا جو جلد ہی حملہ کی شکل اختیار کر گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتاہے کہ کئی مسافر اس مسافر کو پیٹنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں جس نے اپنی سیٹ ایڈجسٹ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگا کہ 21 ڈسمبر کو بھی سوشل میڈیا پر دؤران پرواز انڈیگو ایئر لائن کی ایک ایرہوسٹس اور ایک مسافر کے درمیان بحث و تکرار کا ویڈیو وائرل ہوا تھا۔52 سیکنڈ پرمشتمل یہ ویڈیو کلپ استنبول سے دہلی آنے والی پرواز کے دؤران کھانے کے معاملہ میں پیش آیا تھا۔

بحث و تکرار کےدؤران جب اس مسافر نے ایئر ہوسٹس سے کہا تھا کہ آپ ایک ملازم ہو۔جس پر مزید برہم ایئر ہوسٹس کا جواب تھا کہ ہاں میں کمپنی کی ملازم ہوں،لیکن میں آپ کی نوکر نہیں ہوں۔جس کے بعد انڈیگو ایئر کے انتظامیہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کھانے کے معاملہ میں اس مسافر نے ایک ایئر ہوسٹس کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔اور اس واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

” یہ بھی پڑھیں "

انڈیگو ایئر لائن کی پرواز کے دؤران ایرہوسٹس اور مسافر کے درمیان جم کر بحث، میں آپ کی نوکر نہیں ہوں، ویڈیو وائرل