پونے۔بنگلورو ہائی وے پر نوالے بریج کے قریب
ٹینکر نے 45 گاڑیوں کو ٹکر مار دی، متعدد زخمی
ممبئی: 20۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
مہاراشٹرا کے پونے میں پونے۔بنگلورو ہائی وے پر نوالے بریج کے قریب آج اتوار کی رات ایک بڑا حادثہ پیش آیا جس میں زائد از 45 مختلف گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔اور اس حادثہ میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔پونے فائر بریگیڈ اور پونے میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ایم آر ڈی اے) کی بچاؤ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور بچاؤ و راحتی کاموں کا آغاز کردیا ہے۔
ایک اور اطلاع میں 30 گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔تاہم خبررساں ادارے اے این آئی نےآج رات 10-10 بجے کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں متاثرہ گاڑیوں کی تعداد 48 بتائی ہے۔
جبکہ انڈین ایکسپریس کی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ایک بے قابو ٹینکر نے 45 سے زائد گاڑیوں کو ٹکر مار دی۔مانا جارہا ہے کہ اس ٹینکر کے بریک فیل ہوگئے تھے۔! اس واقعہ میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے اور حکام نےمزید کہاہے کہ زخمیوں کی نوعیت کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔
پونے سٹی اور پونے میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مقامی پولیس اور فائر سروسز کی جانب سےدی گئیں اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ آج اتوار کی رات تقریباً 8.30 بجے نوالے بریج علاقے میں پیش آیا۔ریسکیو وین اور ایمبولینسز کو جائے مقام پر روانہ کردیا گیا ہے۔

انڈین ایکسپریس نے پونے میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی فائر بریگیڈ کے فائر آفیسر سوجیت پاٹل کےحوالے لکھا ہے کہ” ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ مشتبہ بریک فیل ہونے کے بعد ایک ٹینکر کم از کم 45 گاڑیوں سے ٹکرایا۔تباہ شدہ گاڑیوں میں سےکچھ زخمیوں کو شہریوں نے قریبی ہسپتالوں میں پہنچایاہے۔تاہم ابھی تک زخمیوں کی تعداد اور ان کے زخموں کی نوعیت کا علم نہیں ہے۔ریسکیو ٹیمیں اورفائر ڈپارٹمنٹ کی ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اس حادثہ کے ویڈیوز اور فوٹوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔ویڈیوز میں دیکھا گیا ہے کہ گاڑیوں کو ٹکر مارنے کے بعد ٹینکر الٹ گیا ہے۔!!

