چارمینار میں بم اور ڈاگ اسکواڈ کی تلاشی، افواہوں سے حیدرآباد میں سنسنی، پولیس نے کہا معمول کے مطابق تلاشی مہم

چارمینار میں بم اور ڈاگ اسکواڈ  کی تلاشی
بم رکھے جانے کی افواہوں سے حیدرآباد میں سنسنی
پولیس نے کہا معمول کے مطابق تلاشی مہم

حیدرآباد: 21۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کےتاریخی چارمینار میں آج شام بم رکھے جانے کی زیرگشت اطلاع سے حیدرآباد اور اس مصروف علاقہ میں سنسنی پیدا ہوگئی۔جس کے فوری بعد پولیس چوکس ہوگئی۔بھاری پولیس جمعیت،ڈاگ اسکواڈ اور بم اسکواڈ چارمینارپہنچ گئے۔ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک پولیس نے پرانے شہر کے علاقہ میں موجود چارمینار کی مکمل عمارت کے علاوہ اس علاقہ کی تمام دکانات،ہوٹلوں،اور دیگر مقامات پر تلاشی مہم جاری رکھی۔

چارمینار کے قریب اور اطراف فٹ پاتھوں پر کاروبار کرنے والے بیوپاریوں اور عوام کو وہاں سے روانہ کردیا گیا۔اس تلاشی مہم کے دوران اس علاقہ کے عوام میں خوف پیدا ہوگیا تھا۔چارمینار جیسے مصروف علاقے میں ہمیشہ عوام کی بھیڑ رہتی ہے۔اس تلاشی مہم کےدوران چارمینار کا نظارہ کرنے آئے ہوئے سیاحوں نے بھی یہ علاقہ چھوڑدیا اور وہاں موجود عوام بھی اس علاقے سے نکل گئے۔

دیڑھ دو گھنٹوں تک تلاشی مہم کے بعد پولیس کو کوئی دھماکو یا مشتبہ اشیاء برآمد نہیں ہوئیں اور نہ ہی کوئی بم دستیاب ہوا۔جس کے بعد بشمول پولیس پرانے شہر اور چارمینار علاقہ کے عوام نے راحت کی سانس لی۔

بعدازاں انسپکٹر چارمینار پولیس اسٹیشن نے کہا کہ بم رکھے جانے کی زیر گشت اطلاعات غلط ہیں۔جبکہ معمول کے تحت پولیس نے آج بشمول چارمینار اس سارے علاقہ کی ڈاگ اسکواڈ اور بم اسکواڈ کے ذریعہ تلاشی لی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام شکوک و شبہات کا شکار نہ ہوں اور نہ ہی افواہوں پر یقین کریں کیونکہ یہ پولیس محکمہ کے ذریعہ ایک معمول کے مطابق کی گئی تلاشی مہم تھی۔پولیس کو بم رکھے جانے کی ایسی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔

دوسری جانب ایسا اندیشہ لگایاجارہا ہے کہ بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کی اس اچانک تلاشی مہم کے بعد شہر میں چارمینار میں بم رکھے جانے کی افواہیں اڑادی گئیں۔!!