تلنگانہ میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا، تواریخ، مقامات اور روڈ میپ طئے

تلنگانہ میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا
تواریخ،مقامات اور روڈ میپ طئے

حیدرآباد: 02۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

کانگریس لیڈر و رکن پارلیمان راہل گاندھی ان دنوں مہنگائی،بڑھتی مذہبی منافرت اوربیروزگاری کےخلاف 3,570 کلومیٹر طویل پیدل بھارت جوڑو یاترا پر ہیں۔جس کا 7 ستمبر کو کنیاکماری سے آغاز ہوا تھا۔یہ قومی اور بین الاقوامی سطح کا پہلا پیدل مارچ ہے۔مانا جارہا ہے کہ 2024 کے عام انتخابات پربھی نظر رکھتےہوئے راہل گاندھی نےاس بھارت جوڑویاترا کا آغازکیاہے!۔اب وقت ہی بتائےگا کہ انہیں اس میں کہاں تک کامیابی حاصل ہوگی؟طویل بھارت جوڑو یاترا تقریباً 150 دنوں میں مکمل ہوجائے گی۔راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کا آغازتمل ناڈو میں اپنے والد راجیو گاندھی کی یادگار پر جاکرکیا جہاں سابق وزیراعظم کو قتل کردیا گیا تھا۔بھارت جوڑو یاترا نے اب تک 500 کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرلیا ہے۔

راہول گاندھی اپنی اس بھارت جوڑو یاترا کا مقصد بتاتے ہوئے۔

کانگریس کی اس بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لینے والے 12 ریاستوں سے گزریں گے۔اور یہ مارچ جموں وکشمیر میں اختتام پذیر ہوگا۔اس بھارت جوڑو یاترا کوحاصل ہورہی عوامی تائید اور مقبولیت سے کانگریس اور اس پارٹی کے ہمدردوں اور کارکنوں میں ایک نیا جوش پیدا ہوگیاہے۔وہیں محسوس ہوتا ہے کہ بی جے پی اس سے فکر مند ہے!!جس کا اندازہ سوشل میڈیا پرنظرآتا ہے۔کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کےلیےجہاں صرف سوشل میڈیا ہی ان کی تشہیر کا ذریعہ ہے وہاں بھی اس یاترا کی تائید میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

بھارت جوڑو یاترا تمل ناڈو اور کیرالا کا احاطہ مکمل کرنے کے بعد دو دن قبل کرناٹک میں داخل ہوگئی ہے۔بی جے پی برسراقتدارکرناٹک میں بھی اس بھارت جوڑو یاترا کو کیرالا اور تمل ناڈو جیسی عوامی تائید کی اطلاعات ہیں۔اس یاترا کے دؤران پیش آنے والے کئی جذباتی واقعات کے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

کرناٹک میں اپنی یاترا مکمل کرنے کے بعد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا 24 اکتوبر کو ریاست تلنگانہ میں داخل ہونے والی ہے۔جو کہ 12 تا 14 دن تلنگانہ کے مختلف مقامات کا احاطہ کرنے کے بعد مہاراشٹرا میں داخل ہوجائے گی۔

راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا 24 اکتوبر کو متحدہ ضلع محبوب نگر کےمکتھل سے تلنگانہ میں داخل ہوگی۔اس یاترا کو تلنگانہ میں بھی کامیاب بنانے کے لیے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی تمامتر اقدامات میں مصروف ہے۔راہل گاندھی اس یاترا کے دؤران بھی ہائی سیکورٹی کے حصار میں ہیں۔تاہم تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ایک وفد نے ریاستی ڈی جی پی سے ملاقات کرتے ہوئے یاترا کے دؤران ریاست میں مناسب پولیس انتظامات کی درخواست کی ہے۔

محبوب نگرضلع سے چلنے والی راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاتراتلنگانہ میں 375 کلومیٹر کا پیدل احاطہ کرے گی۔راہول گاندھی کی یہ بھارت جوڑو یاترا مکتھل سے دیور کدرہ،محبوب نگر ٹاؤن،جڑچرلہ،شادنگر،شمس آباد سےحیدرآباد میں داخل ہوگی۔آرام گھر،چارمینار،افضل گنج،معظم جاہی مارکیٹ، گاندھی بھون،نامپلی درگاہ یوسفینؒ،وجئے نگر کالونی،پنشن آفس،ناگ ارجنا،سرکل،پنجہ گٹہ،امیرپیٹ،کوکٹ پلی،میاں پور،پٹن چیروؤ،آؤٹر رنگ روڈ،متنگی سے سنگاریڈی پہنچے گی۔سنگاریڈی سے جوگی پیٹ اورشنکرم پیٹ سے گزرکر مدنور اور پھر مہاراشٹرا میں داخل ہوجائے گی۔

راہول گاندھی کرشنا ندی بریج کےذریعہ ریاست تلنگانہ میں داخل ہونے کے بعد 18 کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرکے مکتھل پہنچیں گے۔65 کلومیٹر مکتھل تا محبوب نگر،محبوب نگر ٹاؤن سے 17 کلومیٹر جڑچرلہ،جڑچرلہ سے شادنگر 34 کلومیٹر،شاد نگر سےشمس آباد 29 کلومیٹر،شمس آباد سے متھنگی(اؤٹر رنگ روڈ) 60 کلومیٹر،متھنگی سے سنگاریڈی 17 کلومیٹر،سنگاریڈی چوراہا تا جوگی پیٹ 37 کلومیٹر،جوگی پیٹ سےشنکرم پیٹ 34 کلومیٹر اور شنکرم پیٹ سے مدنور تک 64 کلومیٹر کا تلنگانہ میں پیدل فاصلہ طئے کریں گے۔

اسی دؤران کل کرناٹک کے چامراج نگر کا ایک انتہائی جذباتی ویڈیو وائرل ہوا تھا۔راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دؤران چامراج نگر کے گنڈلوپیٹ موضع میں کورونا کے دوران آکسیجن کی کمی کی وجہ سے جان گنوانے والوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کی۔اس دوران ایک سات سالہ کمسن بچی پرتیکشا نے کوویڈوبا کے دؤران آکسیجن نہ ملنے کے باعث اپنے والد کی موت کا رورو کر واقعہ سنایاتھا۔

اس کمسن لڑکی کا درد سن کر ہال اور ڈائس پر موجود لوگوں اور کانگریسی قائدین کی آنکھیں بھیگ گئی تھیں۔اس کمسن لڑکی نے بتایا تھا کہ لوگ کہہ رہے تھےکہ اس وقت آکسیجن کی کمی تھی۔اب میری ماں کےپاس میرے لیے کچھ خریدنے کےلیے پیسے نہیں ہیں۔اگرمیری والدہ کوسرکاری نوکری مل جائے تو میں اچھی طرح پڑھ سکوں گا۔”میں ڈاکٹر بن کر جان بچانا چاہتی ہوں”۔
اس دوران مزید کئی خواتین نے بتایا کہ کس طرح ان کے شوہر،بھائی اور رشتہ دار آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کوویڈ کا شکار ہوگئےتھے۔جن کی راہول گاندھی نے خطاب کرتے ہوئے ڈھارس بندھائی تھی۔

بعدازاں راہل گاندھی نے اس ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ”وزیر اعظم،پرتیکشا کو سنیں،جس نے بی جے پی حکومت کی کوویڈ بدانتظامی کی وجہ سے اپنے والد کو کھودیا تھا۔اب وہ اپنی تعلیم جاری رکھنے کےلیے مدد طلب کررہی ہے۔کیا کوویڈ متاثرین کےافراد خاندان مناسب معاوضہ کے اہل نہیں ہیں؟آپ مظلوموں کو ان کے حقوق کیوں نہیں دے رہے؟

آج گاندھی جینتی کے موقع پر بابائے قوم مہاتماگاندھی کو خراج عقیدت پر پیش کرتے ہوئے راہول گاندھی نے مہاتماگاندھی کا ایک ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھاہے کہ”باپو نے ہمیں سچائی اور عدم تشدد کے راستے پر چلنا سکھایا۔محبت،ہمدردی،ہم آہنگی اور انسانیت کا مفہوم سمجھایا۔آج گاندھی جینتی پرہم عہدکرتے ہیں،جس طرح انہوں نےملک کوناانصافی کےخلاف متحد کیاتھا،ویسےہی اب ہم بھی اپنابھارت جوڑیں گے۔”  

کیرالا میں یاترا کےآخری دن ایک کمسن لڑکی راہل گاندھی سےملاقات پر اتنی خوش ہوئی کہ زار و قطار رونے لگ گئی تھی۔اس لڑکی کو راہل گاندھی نے اٹھالیا اور اس تصویر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ”میں اس طرح ایک لمحہ کے لیے ہزار میل چل سکتا ہوں”۔

” راہول گاندھی یاترا کے وقفہ کے دؤران پارٹی قائدین سے گفتگو میں مصروف "

https://www.instagram.com/reel/CjKtfQDAJj0/?utm_source=ig_web_copy_link

 

 

راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران جھک کر ایک کمسن لڑکی کو جوتے پہننے میں مدد کی : ویڈیو وائرل

BharatJodoYatra#