وقارآبادضلع : قدیم تانڈور میں صمدانی برادران کے مکان میں سرقہ کرنے والے دو نوجوان گرفتار ،مسروقہ مال برآمد : ڈی ایس پی تانڈور

وقارآبادضلع: قدیم تانڈور کے مقفل مکان میں سرقہ کرنے والے دو نوجوان گرفتار
سارقین کے قبضہ سے ساڑھے 12 تولے سونا اور 25 ہزار روپئے برآمد
چوری کے بعد گڑھا کھودکر مسروقہ مال چھپایا گیا تھا،ڈی ایس پی کا انکشاف
تانڈور:03۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآبادضلع کے قدیم تانڈورعلاقہ کے ایک مقفل مکان میں دس دن قبل قفل شکنی کے ذریعہ پہلی مرتبہ سرقہ کی واردات میں ملوث مکینوں کے دو پڑوسیوں کو تانڈور پولیس نے کامیاب تحقیقات کے بعد گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ سونا اور نقد رقم برآمد کرلی۔

اس سلسلہ میں آج طلب کردہ پریس کانفرنس میں ان دونوں نوجوان سارقوں کو پیش کرتے ہوئے ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھرگوڑ نے بتایا کہ قدیم تانڈور کی مومن گلی میں سراج صمدانی،سابق امیر مقامی جماعت اسلامی ہند اور ان کے بھائی معراج صمدانی ایک ہی مکان میں رہائش پذیر ہیں۔

22 جولائی کو سراج صمدانی کی دختر کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی اور دوسرے دن 23 جولائی کو تانڈور کے نیشنل گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ ولیمہ تقریب میں شرکت کی غرض سے سراج صمدانی اور معراج صمدانی اپنے مکانات کو مقفل کرکے روانہ ہوئے تھے کہ ان کے پڑوسی مصطفی (25 سالہ)،جو کہ پیشہ سے پتھر فلورنگ کا کام کرتا ہے اور اس کے ساتھی محمدعثمان عرف مسکان (پیشہ سے پینٹر ہے) اسی رات نصف شب کے بعد پہلی منزل پر موجود معراج صمدانی کے مقفل مکان میں قبل شکنی کے ذریعہ عقبی حصہ سے داخل ہوئے اور مکان کی الماری میں موجود ساڑھے بارہ 12 تولے سونا کے مختلف زیور اور 30 ہزار روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔

ڈی ایس پی جی۔شیکھرگوڑ نے بتایا کہ ان دونوں سارقوں نے سرقہ شدہ زیور اور رقم میں سے 25 ہزار روپئے اسی مکان کے قریب ایک گڑھا کھودکر چھپادیا اور اس رقم میں سے 5 ہزار روپئے لے کر فرار ہوگئے۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ معراج صمدانی کی شکایت پر تانڈور پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئےتحقیقات کا آغاز کردیا تھااور ان دونوں مشتبہ سارقوں پر نظر رکھی گئی تھی جو سرقہ کی واردات کے بعدممبئی اور گلبرگہ فرار ہوگئے تھے۔

ڈی ایس پی جی۔شیکھرگوڑ نے بتایا کہ منگل کی رات یہ دونوں مصطفی اور مسکان اپنےاپنے مکانات کو واپس ہوئےاور آج ان کی جانب سے زمین میں گڑھا کھودکر چھپایا گیا سونا اور رقم نکالنے کی کوشش کی اطلاع پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کی تحویل سے مسروقہ زیور اور نقد رقم 25 ہزار روپئے بھی ضبط کرلیے گئے۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ ان دونوں کو عدالتی تحویل میں روانہ کیا جارہا ہے۔

اس سرقہ کےمعاملہ میں اندرون دس یوم کامیاب تحقیقات کےذریعہ سارقوں کو گرفتار کرنے اور زائد از سات لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ مال برآمد کرنے پر ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ نے پریس کانفرنس میں موجود سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندرریڈی،پولیس جوانوں محمدامجد اور رامو کی ستائش کرتے ہوئے انہیں ریوارڈ پیش کیا۔اس موقع پر سب انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) وینو گوپال ریڈی بھی موجود تھے۔