تلنگانہ میں مزید تین دنوں تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی، وزیراعلیٰ چندراشیکھرراؤ کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

تلنگانہ میں مزید تین دنوں تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی
وزیراعلیٰ چندراشیکھرراؤ کااعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس،مختلف ہدایات
محکمہ پولیس کے بشمول تمام محکمہ جات کے ملازمین کو ہیڈکوارٹر نہ چھوڑنے کی ہدایت
گوداوری ندی مزید بھیانک صورتحال پیدا کرسکتی ہے،عہدیدار اور عوام چوکس رہیں

حیدرآباد: 23۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)

محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں مزید تین دنوں تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے بعد آج وزیراعلیٰ کے۔چندرا شیکھر راؤ نے پرگتی بھون میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں،وزرا،عوامی نمائندوں اور عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مہاراشٹرا کے ترایمباکیشورم جہاں سے گودواری ندی جاری ہوتی ہے خلیج بنگال تک ٹھاٹھیں ماررہی ہے۔جس کے باعث گوداوری ندی سے منسلک تمام ندیوں میں بھی سیلابی صورتحال ہےاور یہ بھی لبریز ہوکر بہہ رہی رہیں اور یہی سیلابی پانی ریاست کے پراجکٹس، ندیوں،تالابوں میں داخل ہورہا ہے جس سے یہ بھی لبریز ہوکر بہہ رہے ہیں۔

اس جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے متنبہ کیا کہ اب مزید شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے بعد ریاست میں گزشتہ ہفتہ پیدا شدہ سیلابی صورتحال سے زیادہ بھیانک صورتحال کے پیدا ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ کل یا پرسوں تک ریاست میں گوداوری ندی کی حالت مزیدخطرناک ہوسکتی ہے۔اورگوداوری خطرہ کےنشان کو بھی عبورکرتے ہوئے گزرسکتی ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ گوداوری کے قریبی مقامات پر سرکاری عہدیدار،عوامی نمائندے اور عوام انتہائی چوکس رہیں۔گوداوری کے قریبی و نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے فوری اقدامات کریں۔

 

اس جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے شہر حیدرآباد میں جاری بارش،نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کےعلاوہ ذخائر آب کے متعلق پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدیات اروند کمار،مینجنگ ڈائرکٹر واٹر بورڈ دانا کشور اورکمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن لوکیش کمار سے مکمل تفصیلات حاصل کیں۔اور مزید ضروری اقدامات کی ہدایت دی۔

جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہاکہ سرکاری حکام کےلیے یہ وقت صبر آزما اورسخت آزمائشی ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری عہدیدار اور ملازمین اپنے اپنے مقامات پر ہی رہیں۔

اس جائزہ میں اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کوہ دایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں فوری ایک سرکیولر جاری کرتے ہوئے تمام سرکاری عہدیداروں اور ملازمین کو ہدایت دیں کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے مقام پر موجود رہیں اور مقام ہرگز نہ چھوڑیں۔

وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے ہدایت دی کہ ریاست میں محکمہ مال،صحت،برقی،آر اینڈ بی،پنچایت راج،بلدی،مشن بھاگیرتا کے بشمول دیگر محکمہ جات کے عہدیدارچوکس رہیں۔

ساتھ ہی اس اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ریاستی ڈی جی پی ڈاکٹر ایم۔مہیندرریڈی کو ہدایت کہ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے لے کر ہوم گارڈ تک کے لیے سرکیولر جاری کریں کہ وہ موجودہ ڈیوٹی کے مقام (ـہیڈکوارٹر) کو چھوڑکر نہ جائیں۔

اس جائزہ اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں نے پاور پوائنٹ کے ذریعہ وزیراعلیٰ کو گوداوری ندی کی موجودہ صورتحال،شری رام ساگر سے لے کر کڈیم پراجکٹ تک تمام موجودہ پراجکٹوں کی حالت اور سیلابی صورتحال کیوں پیدا ہورہی ہے اس سے واقف کروایا۔محکمہ آبپاشی کے پرنسپل سیکریٹری رجت کمار نے پاور پوائنٹ کے ذریعہ گوداوری ندی کے بشمول دیگر ذخائر آب کی ہر گھنٹہ بدلتی ہوئی تصاویر کو سیٹلائٹ کی مدد سے حاصل کیے جانے سے واقف کروایا۔

رجت کمار نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اس ٹکنالوجی کے ذریعہ سیلاب سےمتاثر ہونےوالے نشیبی اورقریبی علاقوں سے عوام کو پہلےہی محفوظ مقامات پر پہنچائے جانے میں مدد حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ محکمہ موسمیات بارش کی پیش قیاسی تو کرتا ہے لیکن اس کےبعد پیش آنے والے خطرات کو نہیں روک سکتا تاہم اس ٹکنالوجی کے ذریعہ سیلابی خطرہ اور اس سے حفاظت کے طریقہ کارسے قبل از وقت واقفیت حاصل کی جاسکتی ہے۔اس اجلاس میں وزیر صحت ٹی۔ہریش راؤ کے علاوہ دیگر ریاستی وزرا بھی موجود تھے۔