آر ٹی اے وقارآباد ضلع بھدرو نائیک دیگر سات افراد کے ساتھ قتل کے معاملہ میں گرفتار
سوریہ پیٹ پولیس کی کارروائی،آر ٹی او نے اپنے ہی بھائی کے قتل کے لیے دی تھی سپاری
ایس پی ضلع سوریہ پیٹ راجندر پرساد کا پریس کانفرنس میں انکشاف
وقارآباد/سوریہ پیٹ: 23۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآبادضلع میں بحیثیت آر ٹی او اور انچارج ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر(ڈی ٹی او) خدمات انجام دےرہے بھدرو نائیک کو سوریہ پیٹ کی پولیس نے ایک نوجوان کے قتل کے الزام میں دیگر 7 ملزمین کے ساتھ اہم ملزم کے طور پر گرفتار کرلیا ہے۔
بھدرو نائیک نے یکم اگست 2022 کو وقارآبادضلع میں بحیثیت روڈ ٹرانسپورٹ آفیسر (آرٹی او) اپنےعہدہ کا جائزہ حاصل کیا تھا۔بعد ازاں انہیں انچارج ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر (ڈی ٹی او) ضلع وقارآباد کے عہدہ کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی۔بھدرو نائیک پر وقارآبادضلع اورخود وقارآباد ٹاؤن میں لگاتار بدعنوانیوں،رشوت خوری اور گاڑی مالکین کو مختلف طریقوں سے ہراساں کیے جانےکے متعدد الزامات کا سامنا تھا۔
گزشتہ ہفتہ ہی ان کے خلاف کئی چھوٹی بڑی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے مالکین اور ڈرائیورز نے وقارآباد میں ان کے دفتر پر احتجاج بھی کیا تھا۔ ان کی ہراسانی اور رشوت خوری کے خلاف باقاعدہ وقارآباد پولیس میں شکایت بھی درج کروائی گئی تھی۔
آر ٹی اوضلع وقارآباد بھدرونائیک کو سوریہ پیٹ پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے انہیں سوریہ پیٹ منتقل کردیا۔بعدازاں ایس پی ضلع سوریہ پیٹ مسٹر راجندر پرساد نے سوریہ پیٹ رورل پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ 13 جولائی کو سوریہ پیٹ کے راجہ نائیک تانڈہ کے ساکن سنپنگی پروین (21 سالہ ) اسی تانڈہ کے ساکن لوناوت ہریش اور ہری کے ساتھ دعوت کے نام پر روانہ ہوکر قتل ہواتھا۔

ایس پی ضلع سوریہ پیٹ راجندر پرساد نے اس پریس کانفرنس میں بتایا کہ دوسری جانب پالونجہ منڈل کی بسوا تارک کالونی کےساکن بھانوت ویرو نائیک اور بھدرو نائیک(آر ٹی او وقارآباد ضلع) دونوں بھائی ہیں۔ان میں سے بھدرو نائیک وقارآبادضلع میں بحیثیت آر ٹی او خدمات انجام دے رہے ہیں۔اوران دونوں بھائیوں کے درمیان جائیداد کی تقسیم کے معاملہ میں تنازعہ چل رہا ہے۔جس پرآر ٹی او وقارآباد بھدرو نائیک کے بھائی بھانوت ویرو نائیک انہیں دھمکی دے رہے تھے کہ اگر جائیداد کی تقسیم نہیں کی گئی تو وہ ان کے خلاف بدعنوانی اور رشوت خوری کے ذریعہ خریدی گئی جائیدادوں کی تفصیلات محکمہ اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) کو دیں گے۔
ایس پی ضلع سوریہ پیٹ مسٹر راجندر پرساد کے مطابق اس ہراسانی سے پریشان آر ٹی او وقارآباد بھدرونائیک نے اپنے ہی بھائی بھانوت ویرو نائیک کے قتل کا منصوبہ بنایا۔اور اسی منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے آرٹی او وقارآباد بھدرو نائیک نے اپنے ایک رشتہ دار ہریش کو ایک کروڑ روپئے مالیتی اراضی دینے کی سپاری دی۔
جس کے بعد ہریش نے سوریہ پیٹ کے ساکن گنٹہ پرشو راملو،جکی ستیش،وجئے بھرت،ریاض،راجی نائیک تانڈہ کا ساکن یوگیندر اور سنپنگی پروین کے ساتھ مل کر آر ٹی او بھدرو نائیک کے بھائی بھانوت ویرو نائیک کے قتل کا منصوبہ تیار کیا۔
"ضلع ایس سوریہ پیٹ کی پریس کانفرنس”
اسی دؤران ان تمام نے بھانوت ویر و نائیک کے قتل کے منصوبہ کو افشا کرنے کے شبہ پر پہلے سنپنگی پروین کے قتل کا منصوبہ بنایا اور منصوبہ کے تحت 13 جولائی کو دعوت کے نام پر سنپنگی پروین کو بلاکر اس کا قتل کرنے کے بعد تماپورم میں سوریہ مندر کے قریب پانی کے گڑھے میں نعش کو پھینک کر فرار ہوگئے۔
ایس پی ضلع سوریہ پیٹ مسٹر راجندر پرساد نے اس پریس کانفرنس میں گرفتار شدہ آرٹی اے وقارآباد ضلع بھدرو نائیک سمیت جملہ 8 ملزمین کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے سنپنگی پروین کے قتل کی تحقیقات انجام دیتے ہوئے اس قتل میں ملوث آرٹی او وقارآباد بھدرو نائیک سمیت تمام 8 ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔بعدازاں انہیں عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔

اس قتل کےمعاملہ میں آر ٹی اوضلع وقارآباد بھدرو نائیک کو سوریہ پیٹ پولیس نے ملزم نمبر ایک بنایا ہے۔اس پریس کانفرنس میں ڈی ایس پی سوریہ پیٹ ناگا بھوشنم،سرکل انسپکٹر پولیس سوریہ پیٹ رورل وٹھل ریڈی،سب انسپکٹر پولیس سوریہ پیٹ (رورل)سائی رام اور سب انسپکٹر پولیس چیوملا پولیس اسٹیشن وشنو موجود تھے۔


