محترمہ دروپدی مرمو صدارتی انتخاب میں کامیاب
ملک کی 15 ویں اور دوسری خاتون صدر جمہوریہ ہندمنتخب
نئی دہلی:21۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
محترمہ دروپدی مرمو ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد آج بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتےہوئے ملک کے جلیل القدر صدرجمہوریہ ہند عہدہ پرمنتخب ہوگئیں۔محترمہ دروپدی مرمو برسراقتدار بی جے پی قیادت والی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے)کی امیدوار تھیں۔صدر جمہوریہ ہندکےاس عہدہ کےلیے یونائیٹڈ پروگریسو الائنس (یو پی اے)کے امیدوار یشونت سنہا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔آج رات 30-9 بجے باقاعدہ سرکاری طور پر محترمہ دروپدی مرمو کے صدر جمہوریہ منتخب ہونے کا اعلان کردیا گیا۔
پی سی مودی،سکریٹری جنرل،راجیہ سبھاکےمطابق جملہ درست ووٹ 3219 ہیں جن کی کل قیمت 8,38,839 ہے جن میں سے محترمہ دروپدی مرمو کو 5,77,777 کی قیمت کے حامل 2161 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ حریف امیدوار یشونت سنہا نے 2,61,062 کی قیمت کے حامل 1058 ووٹ حاصل کیے۔
18 جولائی کو اس انتخاب کے لیے رائے دہی ہوئی تھی۔صدارتی انتخاب میں 99 فیصد رائے دہندوں نےاپنے حق رائے دہی کااستعمال کیاتھا۔ ملک کی 11 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ پدوچیری میں 100 فیصد رائے دہی ہوئی تھی۔صدارتی انتخابات کے لیے بشمول دہلی اور پدو چیری 30 مقامات پر رائے دہی ہوئی تھی۔اس انتخاب میں راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے ارکان کے علاوہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی قانون ساز اسمبلیوں کے ساتھ منتخب نمائندوں کو بھی ووٹ ڈالنے کا حق حاصل رہتاہے۔
آج21 جولائی کی صبح سے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے پہلے مرحلے میں تمام اراکین پارلیمنٹ کےووٹوں کی گنتی کی گئی۔گنتی کے پہلے مرحلہ میں تمام اراکین پارلیمنٹ کے ووٹوں کی گنتی کی گئی۔انتخابات کے لیے مقرر کردہ ریٹرننگ آفیسر اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پی سی مودی نے بتایا کہ 748 درست ووٹوں میں سے محترمہ دروپدی مرمو کو 540 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ یشونت سنہا نے 208 ووٹ حاصل کیے۔دوسرے مرحلہ میں ریاستی اسمبلیوں میں ارکان اسمبلی کی جانب سے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کی گئی۔
جملہ ووٹ کی قیمت کے حساب سے 5,23,600 میں سے محترمہ دروپدی مرمو نے 3,78,000 ووٹ حاصل کیے۔جبکہ یشونت سنہا کو 14,5,600 ووٹ ملے۔
64 سالہ نومنتخب صدرجمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے ملک کی 15 ویں اور دوسری خاتون جمہوریہ بننے کا اعزا زحاصل کیا ہے۔اس سے قبل 25 جولائی 2007 سے 25 جولائی 2012 تک محترمہ پرتیبھا پاٹل اس عہدہ پر فائز رہ چکی ہیں۔
محترمہ دروپدی مرمو ریاست اوڈیشہ(اڑیسہ) کے میوبھنج ضلع کے اپربیڈا گاؤں میں 20 جون 1958 کو پیدا ہوئیں جن کا تعلق قبائلی طبقہ سے ہے۔سیاست میں داخلہ سے قبل انہوں نے بطور ٹیچرخدمات انجام دیں۔محترمہ دروپدی مرمو نے 18 مئی 2015 کو ریاست جھارکھنڈ کے پہلے گورنر کے طور پر حلف لیا۔وہ جھارکھنڈ کی پہلی خاتون گورنر بنیں۔انہوں نے 12 جولائی 2021 تک اس عہدہ پر خدمات انجام دیں۔
نومنتخب صدر محترمہ دروپدی مرمو سے وزیراعظم نریندر مودی نے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔
محترمہ دروپدی مرمو کی کامیابی کے بعد وزیراعظم نریندرمودی،وزیردفاع راج ناتھ سنگھ،کانگریسی لیڈر راہول گاندھی سمیت مختلف قومی قائدین نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔جبکہ شکست زدہ صدارتی امیدوار یشونت سنہا نے اپنی شکست قبول کرتے ہوئے نومنتخب صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دروپدی مرمو کو ان کی کامیابی پر دلی مبارکباد دیتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ درحقیقت،ہر ہندوستانی یہ توقع رکھتا ہے کہ 15 ویں صدر جمہوریہ ہند کے طور پر وہ آئین کی محافظ کے طور پر بغیر کسی خوف اور احسان کے کام کریں۔میں اہل وطن کے ساتھ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

#DroupadiMurmu PresidentofIndia #15thPresident#

