تلنگانہ:کے ٹی آر کی موجودگی میں بی جے پی اور سی پی آئی کے فلور لیڈران بلدیہ تانڈور کی ٹی آر ایس میں شمولیت، بی جے پی قائد بھی شامل

تانڈور میں بی جے پی کو شدید دھکا،فلور لیڈر بلدیہ سندھوجا گوڑ اور ان کے شوہر نریندر گوڑ
کے علاوہ سی پی آئی فلور لیڈر بلدیہ محمد آصف ٹی آر ایس میں شامل،کے ٹی آر سے ملاقات
رکن پارلیمان چیوڑلہ،رکن اسمبلی تانڈور اور نائب صدرنشین بلدیہ بھی موجود تھے

وقارآباد/تانڈور:30۔جون (سحرنیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں پہلے ہی انتشار کا شکار بی جے پی پارٹی کو آج اس وقت شدید دھکا لگا جب بی جے پی کی فلورلیڈر بلدیہ محترمہ سندھوجا نریندر گوڑ اور ان کے شوہر نریندر گوڑ نے آج شام حیدرآباد میں کارگزار صدر ٹی آر ایس و ریاستی وزیر کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے باقاعدہ ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ان کے ساتھ سی پی آئی پارٹی کے فلور لیڈر بلدیہ محمد آصف بھی ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہوگئے۔

کارگزار صدر ٹی آر ایس کے ٹی آر نے ان تینوں کو پارٹی کھنڈوا پہناکر ٹی آر ایس میں ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی،رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور محترمہ دیپانرسملو کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔

ٹی آر ایس پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کے بعد رکن بلدیہ سندھوجانریندر گوڑ اور ان کے شوہر نریندر گوڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں ریاست تلنگانہ کےساتھ تمام طبقات کی ترقی و فلاح بہبود کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ٹی آرایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے بی جے پی پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

اس موقع پر کارگزارصدر ٹی آر ایس و ریاستی وزیربلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے چھوڑکر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے رکن بلدیہ سندھوجا نریندر گوڑ،ان کے شوہر نریندر گوڑ اور سی پی آئی سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے رکن بلدیہ محمدآصف کے ٹی آر ایس میں بہترین سیاسی مستقبل کی وہ طمانیت دیتے ہیں۔ساتھ ہی کے ٹی آر نے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی سے کہا کہ تانڈور میں ٹی آرایس پارٹی کی مزید مضبوطی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ارکان بلدیہ سندھوجا نریندر گوڑ،محمد آصف اور نریندر گوڑ کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔

اس موقع پر نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور پٹلولا دیپا نرسملو اور ان کے شوہر پٹلولا نرسملونے کارگزار صدر ٹی آر ایس و ریاستی وزیر بلدی نظم نسق و آئی ٹی کے ٹی آر کو ایک پھولوں کی کیاری پرمشتمل گلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پر صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آرایس ایم اے نعیم افو، ٹی آر ایس قائدین راجو گوڑ، پٹلولا نرسملو،وینکٹ ریڈی،رکن بلدیہ رگھو،سوشل میڈیا انچارچ محمد امتیاز بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ 2020 جنوری میں منعقدہ بلدیہ 36 رکنی مجلس تانڈور کے انتخابات میں ٹی آر ایس نے اکثریت حاصل کرتے ہوئے صدرنشین اور نائب صدرنشین بلدیہ کے عہدوں پر قبضہ کیا تھا۔جبکہ بی جے پی کے سات ارکان بلدیہ کامیاب ہوئے تھے، وہیں کانگریس نے چار،کل ہندمجلس اتحادالمسلمین نے تین،سی پی آئی نے ایک،تلنگانہ جناسمیتی نے ایک بلدی حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی۔

یہاں ایسی اطلاعات زیرگشت ہیں کہ مقامی بی جے پی میں گروپ بندی عروج پر ہے! ایسے میں مزید دو ارکان بلدیہ بی جے پی سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں!؟!