اسپائس جیٹ کے طیارہ میں آگ، طیارہ کی پٹنہ ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ، 185مسافر محفوظ

اسپائس جیٹ کے طیارہ میں آگ
پٹنہ ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ 185 مسافر محفوظ

پٹنہ: 19۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

اسپائس جیٹ کے طیارہ کو پٹنہ ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔کیونکہ اڑان بھرنے کےفوری بعداس طیارہ میں آگ کےشعلے بھڑک اٹھے تھے اور اس میں سے دھواں خارج ہونے لگا تھا۔

طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کے فوری بعد اس طیارہ میں سوار تمام 185 مسافروں کو بحفاظت اتار لیاگیا۔

اطلاعات کے مطابق پٹنہ-دہلی اسپائس جیٹ کی پرواز بوئنگ (737-800)نے آج اتوار کوپٹنہ ایرپورٹ سے اڑان بھری تھی جس کے فوری بعد اس طیارہ نے دوبارہ پٹنہ ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی کیونکہ طیارے میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی اور اسے سب سے پہلے مقامی لوگوں نے دیکھا۔ڈائرکٹرجنرل سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے کہا کہ طیارہ پرندے سے ٹکرا گیا اوراس کا ایک انجن بند ہوگیا۔ جہاز میں عملہ سمیت 185 مسافرسوار تھے اور کسی کے بھی زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

پٹنہ کے ڈی ایم چندرشیکھر سنگھ نے کہاکہ دہلی جانے والی پرواز پٹنہ ہوائی اڈے پر واپس آ گئی جب مقامی لوگوں نے طیارے میں آگ دیکھی اور ضلع اور ہوائی اڈے کے حکام کو مطلع کیا۔تمام 185 مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔آگ لگنے کی وجہ تکنیکی خرابی ہے۔انجینئرنگ ٹیم اس واقعہ کا تجزیہ کررہی ہے۔

اسپائس جیٹ ایئر لائن، تاخیر سے پروازوں اور سیکورٹی سے متعلق بہت سےواقعات کے لیے تنقید کا نشانہ بنتی جارہی ہے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے گزشتہ ماہ اسپائس جیٹ پر اپنے بوئنگ 737 میکس طیارے کے پائلٹوں کو ناقص سمیلیٹر پر تربیت دینے پر 10 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا تھا کیونکہ اس سے پرواز کی حفاظت پر منفی اثر پڑسکتا تھا۔وہیں ماہ اپریل میں ڈی جی سی اے نے اسپائس جیٹ کے 90 پائلٹوں کو مناسب طریقے سے تربیت یافتہ نہ ہونے کے بعد میکس طیارے کو چلانے سے روک دیا تھا۔