وقارآباد ضلع کے تانڈور میں مشن بھاگیرتا پائپ لائن میں شگاف،نصف گھنٹہ تک فوارہ کا منظر، لاکھوں لیٹر پانی ضائع

وقارآباد ضلع کے تانڈور میں مشن بھاگیرتا پائپ لائن میں شگاف
نصف گھنٹہ تک اہم سڑک پر فوارہ کا منظر، لاکھوں لیٹر پینے پانی ضائع
سوشل میڈیا پر خوبصورت منظر والے ویڈیو وائرل

وقارآباد/تانڈور:17۔جون (سحرنیوزڈاٹ کام)

ضلع وقارآباد کے کئی مقامات پر مشن بھاگیرتا اسکیم کے تحت گھر گھر پانی پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔جبکہ ضلع کے وقارآباد،تانڈور،پرگی اور کوڑنگل اسمبلی حلقہ جات کے کئی ایسے بلدی حلقے اور مواضعات مشن بھاگیرتا اسکیم کے پینے سے محروم ہیں،کہیں پائپ لائن کا کام جاری ہے تو کہیں کنکشن نہیں دئیے گئے ہیں۔

جبکہ گزشتہ دو ماہ کے دؤران ضلع کےمختلف مقامات بالخصوص تانڈور کےبلدی حلقوں میں مشن بھاگیرتااسکیم کےتحت پینے کے پانی کی سربراہی میں تعطل پیدا ہوا تھا۔کبھی کبھی دو تا تین دنوں تک آبی سربراہی نہ ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تصاویر اور ویڈیو میں نظر آنے والا یہ دلکش اور خوبصورت منظر کسی فوارہ کا نہیں ہے۔لیکن آج وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن میں یہ منظرسب کے دلوں کو لبھانے لگاتھا۔

دراصل آج تانڈور میں اندرا چوک کے قریب،حیدرآباد روڈ پر پولیس اسٹیشن اور جدید دفتر بلدیہ کے درمیان اور دفتر برقی کے روبروموجود مشن بھاگیرتا اسکیم کی پائپ لائن پر موجود آہنی وال کو ایک گاڑی نے ٹکر دے کر توڑ دیا۔

اس کے بعد اس پائپ لائن میں موجود تیزی کے ساتھ دؤرنے والے پانی نے فوارہ کی شکل لے لی۔کئی فیٹ بلند اس فوارہ کے باعث نصف گھنٹہ سے زائد تک اس مصروف علاقہ میں پانی ضائع ہوتا رہا۔جسے دیکھنے کے لئے عوام کا جم غفیر امڈآیا تھا۔اس فوارہ کی بلندی اتنی تھی کہ دفتر بلدیہ کی عمارت کے احاطہ میں موجود درختوں کے اوپر سے بھی یہ فوارہ نظرآرہا تھا۔اس پائپ لائن سے خارج ہونے والے پانی نے اس علاقہ کو جھیل میں تبدیل کرکے رکھ دیا تھا۔

اطلاع پر صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل جائے مقام پر پہنچ گئیں اورمشن بھاگیرتا اسکیم کے عہدیداروں کو اس کی اطلاع دیں تو انہوں نے اس علاقہ کی پائپ لائن کو سربراہ ہونے والا پانی روک دیا۔بعدازاں اس وال کی مرمت کے بعد اس پائپ لائن میں آبی سربراہی کا آغاز کیا گیا۔اس وقت تک لاکھوں لیٹر پینے کا پانی ضائع ہوچکا تھا۔اس فوارہ کے منظر پرمشتمل ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے تھے۔

یہ ایک اتفاقی حادثہ تھا لیکن اس علاقہ کے دکانداروں اور حیدرآباد۔تانڈور اہم شاہراہ پرٹریفک اور راہروؤں کو مشکلات پیش آئیں وہیں عوام نے اس فوارہ سے نکلنے والی پانی کی بوچھاڑ اور ہوا کے ساتھ دور تک شبنمی شکل میں پھیلنے والی پانی کی پھوار کا لطف بھی لیا۔