ہندوستان مختلف مذاہب و تہذیب کا خوبصورت گہوارہ، ملک کی اکثریت گنگا جمنی تہذیب کی علمبردار: ڈی ایس پی تانڈور شیکھرگوڑ

ہندوستان مختلف مذاہب و تہذیب کا خوبصورت گہوارہ
ملک کی اکثریت گنگا جمنی تہذیب کی علمبردار
جمعیۃ علماء وقارآباد ضلع کی جانب سے تہنیت
ڈی ایس پی تانڈورشیکھر گوڑ کا اظہار خیال

وقارآباد/تانڈور: 16۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

مسٹر جی۔شیکھرگوڑ ڈی ایس پی تانڈورضلع وقارآباد نے اظہار خیال کیا ہے کہ ہندوستان مختلف مذاہب و تہذیب کا خوبصورت گہوارہ ہے اور یہی اس کی خوبصورتی پوری دنیا میں اس کی پہچان کی وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت اورترقی کے لیے تمام مذاہب وطبقات کے لوگوں کا ایک ساتھ مساوی طور پر ترقی کرنا ضروری ہے۔اور کسی ایک قوم کو پسماندہ رکھتے ہوئے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

گزشتہ شام جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کے ایک وفد نے مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کی زیر قیادت ڈی ایس پی تانڈور کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد جی۔شیکھر گوڑ سے خیرسگالی ملاقات کی اور شال پوشی کرتے ہوئے ایک یادگار مومنٹو بھی پیش کیا گیا۔

اس موقع پر مسٹر جی۔شیکھرگوڑ ڈی ایس پی تانڈور نے اظہار خیال کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج بھی ملک میں اکثریت ہندوستان کی روایتی گنگا جمنی تہذیب پر یقین رکھنے والوں کی ہے اور یہی اس ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

ڈی ایس پی تانڈور مسٹر جی۔شیکھر گوڑ نے کہا کہ جس طرح انسانی جسم کی بقاء کے لئے جسم میں سفید خلیات اور لال خلیات دونوں کا ہونا ضروری ہے ویسے ہی ہندوستان کی ترقی کے لیے تمام طبقات کے درمیان بھائی چارہ اور آپسی میل ملاپ کا ہونا ضروری ہے۔

اس موقع پر مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماءضلع وقارآباد نے ڈی ایس پی تانڈور مسٹر جی۔شیکھرگوڑ کوجمعیۃ علماءکا تعارف اور ملک کی تعمیر میں اس کی خدمات سے واقف کروایا۔

اس وفد میں ڈاکٹر حافظ عبدالسلام،مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی،حافظ محمد رئیس الدین،مولانا سید فراست علی قاسمی،مولانا اظہر الدین قاسمی اور مولانا عبیداللہ شاکر قاسمی شامل تھے۔