ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے بعد کل سے پٹرول ساڑھے نو اور ڈیزل سات روپئے فی لیٹر سستا ہوجائے گا
اُجول یوجنا کے پکوان گیس سیلنڈر پر 200 روپئے کی کمی،مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رمن کا اعلان
نئی دہلی:21۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان عوام کو راحت پہنچانے کی کوشش کرتے ہوئے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارمن نے آج فی لیٹر پٹرول پر 8 روپئے اور ڈیزل کی قیمت پر 6 روپئے فی لیٹر کی مرکزی ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کرنے کا اعلان کیاہے۔مرکزی وزیرفینانس کےاس اعلان کے بعد اب ملک میں پٹرول کی قیمت 50-9 روپئے تک کم ہوجائے گی جبکہ ڈیزل 7 روپئے فی لیٹر سستا ہوجائے گا۔
وزیر فینانس نرملا سیتارمن نے کہا کہ پٹرول پر مرکزی ایکسائز ڈیوٹی میں 8 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 6 روپے فی لیٹر کی کٹوتی کی گئی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی میں کٹوتی سے اسے 1 لاکھ کروڑ کا نقصان ہوگا۔اپنے اس اعلان کے بعد مرکزی وزیرفینانس نے ریاستی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسی طرح کی کٹوتی کو نافذ کریں اور اس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچائیں۔مرکزی وزیرفینانس نرملا سیتا رمن نے اپیل کی کہ’’میں تمام ریاستی حکومتوں سے،خاص طور پر ان ریاستوں سےگزارش کرناچاہتی ہوں جہاں آخری دور(نومبر 2021) کے دوران کمی نہیں کی گئی تھی،وہ بھی اسی طرح کی کٹوتی کو نافذ کریں اور عام آدمی کو راحت دیں۔”
ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے بعد آج نصف شب کے بعد سے دہلی میں پٹرول کی قیمت 95.91 روپئے فی لیٹر ہوجائے گی جو کہ فی لیٹر 105.41 ہے،جبکہ ڈیزل کی قیمت 89.67 فی لیٹر ہو جائے گی جو اب 96.67 فی لیٹر ہے۔تازہ ترین ایکسائز کٹوتی کے بعد پٹرول پر مرکزی ٹیکس 19.90 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل پر 15.80 روپے فی لیٹر پر آجائے گا۔
ساتھ ہی مرکزی حکومت "اجولا یوجنا "کے تحت دئیے جانے والے ایک سال میں 12 پکوان گیس سیلنڈروں سے مستفید ہونے والوں کو 200 روپے فی سیلنڈر سبسڈی دے گی تاکہ پکوان گیس کی قیمتوں میں ریکارڈسطح تک اضافے سے پیداہونے والے بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے۔مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارمن نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت گیس سیلنڈر پر سبسڈی سے زائد از 6,100 کروڑ روپئے کی آمدنی پر اثر پڑے گا۔
مہنگائی میں زبردست اضافہ کے درمیان حکومت کا دفاع کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ غریبوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ”ہم نے غریب اور متوسط طبقے کی مدد کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہمارے دؤر میں اوسط مہنگائی پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں کم رہی ہے۔
ٹوئٹر پر نصف درجن سے زائد ٹوئٹس کے ذریعہ”پٹرول،ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں اور اجولا یوجنا کے پکوان گیس کی قیمتوں میں کمی کے مرکزی وزیر فینانس کے اعلان کے بعد وزیراعظم نریندرمودی نے اپنے ٹوئٹ میں اس بات پر زور دیا کہ”ہمارے لیے ہمیشہ سب سے پہلے لوگ ہیں”اور اس سے "زندگی گزارنے میں آسانی” کو مزید فروغ دے گا۔

یاد رہے کہ نومبر 2012 میں پٹرول پر 5 روپئے اور ڈیزل پر 10 کی مرکزی ایکسائز ڈیوٹی میں کمی گئی تھی۔اس کےبعد چند ریاستوں میں بھی ویاٹ میں کمی کی گئی تھی۔ تاہم جاریہ سال مارچ اور اپریل میں 16 دنوں کے دؤران درمیان میں دو دن کا وقفہ دیتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 14 مرتبہ 80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کرتے ہوئے اقساط میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جملہ 10 روپئے فی لیٹر کا اضافہ عمل میں لایا گیا تھا۔
اس وقت ملک کے بیشتر حصوں میں پٹرول 100 روپئے فی لیٹرسے زیادہ فروخت ہورہا ہے۔ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں شرحیں مختلف ہوتی ہیں۔

