وقارآبادضلع کے تانڈور میں گرج چمک کے ساتھ دھواں دھار بارش، بجلی گرنے سے ایک اور کوڑنگل میں ٹپر الٹنے سے ایک شخص ہلاک

وقارآباد ضلع کے تانڈور میں گرج چمک کے ساتھ دھواں دھار بارش
تانڈور میں بجلی گرنے سے ایک اور کوڑنگل میں ٹِّپر الٹنے سے ایک شخص ہلاک

وقارآباد/تانڈور:17۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآبادضلع کے تانڈور میں آج سہء پہر تیزہواؤں،شدید گرج اور چمک کے ساتھ ہونے والی غیرموسمی بارش نے گرما کی شدت سے پریشان عوام کو راحت فراہم کی۔پرگی میں بھی نصف گھنٹہ تک بارش کی اطلاع ہے۔

تاہم تانڈورمنڈل کے رام پور تانڈہ میں اس بارش اور شدید گرج چمک کے دؤران بجلی گرنے سےایک شخص اور بئیل ہلاک ہوگئے۔

گزشتہ چند دنوں سے گرما کی شدت میں اضافہ کے باعث آج دوپہر تک بھی تانڈور میں شدید گرمی اور گرم لوکے باعث عوام پریشان تھے۔اس پر وقفہ وقفہ سے برقی مسدودی نے درجہ حرارت سے پریشان عوام کو مزید مشکلات کا شکار بنادیا تھا۔

تاہم دوپہر کے بعد آسمان پر بادلوں نے ڈیرہ جمانا شروع کردیا اور گرمی کی تمازت میں کمی ہونے لگی تھی کہ سہء پہر تین بجے تیزہواؤں اور شدید گرج چمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہوا۔زائد از نصف گھنٹہ تک ہونے والی ہلکی اور تیز بارش نے موسم کو خوشگوار بنادیا اور گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد بھی گرج چمک کا سلسلہ شام ساڑھے چار بجے تک بھی جاری رہا۔ 

اسی دؤران تانڈورمنڈل کے رام پور تانڈہ میں اس بارش اور شدیدگرج چمک کے دؤران بجلی گرنے سےایک شخص اور بئیل ہلاک ہوگئے مہلوک کے افراد خاندان کے مطابق تانڈور کے ساکن مڈھاوت روی جو کہ پیشہ سے کسان تھے۔

آج اپنے کھیت میں موجود بئیل کو تانڈور منتقل کرنے کی غرض سے کھیت کو روانہ ہوئے تھے کہ اسی دؤران شدید گرج چمک اور بارش کا آغاز ہوا۔وہ بارش سے بچنے کی غرض سے اپنے بئیل کے ساتھ ایک درخت کے نیچے کھڑے ہوگئے تھے کہ درخت پر اچانک بجلی گرپڑی جس کے باعث مڈھاوت راوت اور بئیل جائے مقام پر ہی ہلاک ہوگئے۔

اس واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد ان کے افراد خاندان جائے مقام پر پہنچ گئے۔بجلی گرنے سے مڈھاوت روی کی موت پر ان کے افراد خاندان میں شدید غم کی لہر دؤڑ گئی۔بعدازاں گوتاپور پولیس نے جائےمقام پرپہنچ کربعد پنچنامہ نعش کوتانڈورکے گورنمنٹ ضلع ہسپتال منتقل کیا۔

دوسری جانب اسی گرج و چمک،تیز ہواؤں اور بارش کے دؤران ضلع وقارآباد کے حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے ردرارم منڈل میں ایک ٹپر بے قابو ہوکر الٹ گیا اس حادثہ میں موگلپہ نامی شخص ہلاک ہوگیا۔جبکہ ٹپر میں سوار دیگر دو افراد زخمی ہوگئے۔یہ ٹپر تانڈور کا بتایا جارہا ہے!!