اسرائیلی فوج کے ہاتھوں جاں بحق الجزیرہ کی صحافی شیرین ابوعاقلہ کے
جلوس جنازہ میں بھی اسرائیلی فوج کی بربریت،تشدد اور مارپیٹ
بیت المقدس: 14۔مئی
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)
جنازوں اور میتوں کا ہر مذہب میں احترام کیا جاتاہے۔چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔لیکن اسرائیلی فوج نے خود اس کی گولیوں سے جاں بحق ہونے والی الجزیرہ نیوز چینل سے وابستہ معروف فلسطینی خاتون صحافی” شیرین ابو عاقلہ”کے جلوس جنازہ میں شریک غمزدہ رشتہ داروں اور بھیڑ کے ساتھ بدسلوکی کی ان پر لاٹھیوں اور لاتوں سے پٹائی کرتے ہوئے انسانیت کو مزید شرمسار کردیا!!۔

اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔جس کی ہر طرف سے شدید مذمت کی جارہی ہے کہ یہ قابض قوم آخر کس مٹی سے بنی ہوئی ہے جومعصوم بچوں،خواتین،ضعیف اور نوجوان فلسطینیوں کے علاوہ جنازوں اور میتوں کےجلوس پر بھی ظلم و بربریت کی تمام حدود پھلانگنے کو اپنی بہادری اور طاقت مانتی ہے۔!!
تین دن قبل اسرائیلی فوج نے اپنے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں قطر کے ٹیلی ویژن چینل الجزیرہ کی خاتون صحافی کو فائرنگ کرکے شہید کردیاتھا۔اس واقعہ کا ویڈیوبھی خود الجزیرہ نیوز نیٹ ورک نے جاری کیا ہےجو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔فلسطینی وزارت صحت نے اس وقت بتایا تھا کہ الجزیرہ کی صحافی شیرین ابو عاقلہ کو چہارشنبہ کی صبح مقبوضہ مغربی کنارےکے قصبہ جنین میں اسرائیلی حملے کے کوریج کے دوران گولی مارکر ہلاک کردیا گیا۔

سوشل میڈیا پرمہلوک صحافی شیرین ابوعاقلہ کے جلوس جنازہ کاویڈیو وائرل ہواہے۔ٹوئٹر پراس ویڈیو کو Saleh Zighari@نے ٹوئٹ کیا ہے۔ابوعاقلہ کی آخری رسومات میں افراد خاندان،فلسطینی کابینہ کے اراکین،عیسائی برادری کے علاوہ فلسطینی مسلمانوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی تھی۔
اس موقع پرفلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے لوگ اسرائیلی فوج کےخلاف نعرےلگارہے تھے۔اس ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ جلوس جنازہ میں عوام کا ہجوم ہے جو کہ شیریں ابو عاقلہ کا تابوت اٹھائے ہوئے ہے۔اسی دؤران اسرائیلی فوج جنازے پر اچانک حملہ کرتے ہوئے انتہائی بے رحمی کے ساتھ جنازہ میں شریک افرادکے ساتھ بدسلوکی کررہی ہے،انہیں اپنے تشدد کا نشانہ بناتےہوئے انہیں لاٹھیوں اور لاتوں سے پیٹ رہی ہے۔
” خاتون صحافی شیرین ابو عاقلہ کے جلوس جنازہ پر اسرائیلی فوج کی بربریت کا افسوسناک ویڈیو "
https://twitter.com/SalehZighari/status/1525094695784927233
اسی دؤران مارپیٹ کرتے ہوئے فوج جلوسیوں کو ڈھکیل رہی ہےحتیٰ کہ تابوت کے گرجانے کی نوبت تک آگئی تھی۔لیکن چند جلوسیوں نے ان ظالموں کے مار کھاتے ہوئے بھی تابوت کو گرنےسے بچالیا۔بین الاقوامی میڈیا اطلاعات کے مطابق بعدازاں اسرائیلی گولیوں سے جاں بحق بہادر اور نڈر صحافی شیرین ابو عاقلہ کی آخری رسومات مقبوضہ بیت المقدس کے کیتھولک چرچ کے قبرستان میں اداکی گئیں۔
اسرائیلی فوج کے ہاتھوں معروف فلسطینی خاتون صحافی”شیرین ابو عاقلہ” کے جاں بحق ہونے کے خلاف دنیا بھرکے صحافیوں نے مذمت کی اور احتجاج بھی کیے۔

