وقارآبادضلع: تانڈور میں اپنے قتل کے منصوبہ کا شبہ
ایک شخص کا قتل کرنے والے دونوں بھائی گرفتار
وقارآباد/تانڈور:11۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن میں کل 10 مئی کی شام دیر گئے بلدی حلقہ مل ریڈی پلی میں پیش آئی ایک شخص کےقتل کی سنگین واردات کے سلسلہ میں تانڈور پولیس نے دوبھائیوں کو گرفتار کرلیاہے۔
سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (ٹاؤن) راجندرریڈی کے مطابق کل 10مئی کی شام تانڈور کے مل ریڈی علاقہ میں لالپا نامی شخص کے قتل میں ملوث دو بھائیوں اڈکی سرینواس اور اڈکی سری سیلم کو آج صبح مصدقہ اطلاع کے بعد پولیس کی کرائم ٹیم نے تانڈور کے ریلوے اسٹیشن سے اس وقت گرفتارکرلیا جب وہ ممبئی فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
سرکل انسپکٹر پولیس راجندرریڈی کے مطابق ان دونوں بھائیوں سے تفتیش کے بعد انہوں نے بتایا کہ اڈکی سرینواس کے مکان والوں اور گوتا پور کے ساکن پتی رامو کے ساتھ تنازعہ چل رہا تھا۔جس میں مقتول لالپانے مداخلت کی تھی جس پر اڈکی سرینواس اور اس کےبھائی اڈکی سری سیلم کو شبہ ہوا تھا کہ لالپا اور پتی رامو ان کا قتل کرنے والے ہیں۔
اور اسی شبہ کی بناء پر ان دونوں بھائیوں نے کلہاڑیوں سے حملہ کرتے ہوئے لالپا کا قتل کردیا۔پولیس کے مطابق مقتول لالپا کی بیوی کی شکایت پر پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرلیا اور آج گرفتارشدہ دونوں ملزمین کو عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔
یاد رہے کہ کل مل ریڈی پلی میں ہونے والے اس قتل نے تانڈور میں سنسنی کی لہر پیدا کردی تھی۔اور مزید سنسنی اس وقت پیدا ہوئی تھی جب قتل کے واقعہ کے فوری بعد فیس بک پر سری یادو کی فیس بک آئی ڈی پر ایک نوجوان نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے خود کومل ریڈی پلی کا ساکن سری سیلم یادو بتاتے ہوئے اپنے ویڈیو میں اعتراف کیاتھا کہ اسی نے لالپا کا قتل کیا ہے۔
کیونکہ مقتول لالپا،اس کی بیوی اور اس کے سے ایک دوست نے اس کے قتل کا منصوبہ تیار کیا تھا۔اس ویڈیو کے آخر میں یہ نوجوان کہہ رہا تھا کہ اپنی جان بچانے کی غرض سے ہی اس نے مل ریڈی پلی میں لالپا کا قتل کیا ہے۔بعدازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیاتھا۔
"اس قتل سے متعلق تفصیلات اور نوجوان کے اعتراف پرمشتمل ویڈیو سحر نیوز ڈاٹ کام کی اس لنک پر”

