موسیقار اے آر رحمان کی دختر خدیجہ رحمان کا ریاض الدین شیخ محمد کے ساتھ نکاح

موسیقار اے آر رحمان کی دختر خدیجہ رحمان کا ریاض الدین شیخ محمد کے ساتھ نکاح
شادی کے بعد لی گئی فیملی فوٹو خود اے آر رحمان نے سوشل میڈیا پر شیئر کی

چنئی: 06۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

مشہور موسیقار اللہ رکھا رحمان (اے آر رحمان) کی دختر خدیجہ رحمان کی شادی ریاض الدین محمد کے ساتھ انجام پائی۔نکاح کی تقریب کے بعد خوشی کے لمحات پرمشتمل تصویر خود اے آر رحمان نے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز  پر اپنے مصدقہ اکاؤنٹس سے شیئر کیں۔

اے آر رحمان نےسوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس تصویر کے ساتھ لکھا ہے کہ”اللہ تعالیٰ جوڑے کو برکت دے..آپ کی نیک خواہشات اور محبت کے لیے پیشگی شکریہ”

https://www.instagram.com/p/CdLuEkvvJIo/?utm_source=ig_web_copy_link

5 مئی کی رات ساڑھے دس بجے انسٹاگرام پر جیسے ہی موسیقار اے آر رحمان نے اپنی دختر عروسہ خدیجہ رحمان اور نوشہ ریاض الدین محمد کی تصویر شیئر کی تو ان کے مداحوں کی بڑی تعداد نے اپنے کمنٹس کے ذریعہ اے آر رحمان اور نئےجوڑے کو مبارکبادی کے پیغامات دئیے۔بتایا جاتا ہے کہ ریاض الدین محمد پیشہ سے آڈیو انجنیئر ہیں۔

اندرون تین گھنٹے انسٹاگرام پر اے آر رحمان کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصویر کو 2,20,639 انسٹاگرام صارفین نے لائیک کیاہے۔اسی تصویر کو دعائیہ کلمات کے ساتھ اے آر رحمان نے فیس بک کے اپنے پیج پر رات ایک بجے پوسٹ کیا ہے۔جسے اندرون ایک گھنٹہ  19،000 فیس بک صارفین نے لائیک کرتے ہوئے کمنٹس کیے ہیں۔

آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان کی دختر خدیجہ رحمان اور ریاض شیخ محمد کی منگنی 29 دسمبر کو ہوئی تھی۔نکاح کی تقریب کے بعد لی گئی اس تصویر میں اے آر رحمان،ان کی اہلیہ سائرہ بانو اور ان کے بچے امین اور رحیمہ،نوبیاہتا جوڑا نظر آرہے ہیں۔وہیں قریب میں اے آر رحمان کی والدہ محترمہ کریمہ (مرحومہ) کی تصویر بھی نظر آرہی ہے۔

2 جنوری کو اے آر رحمان کی دختر خدیجہ رحمان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنی اور ریاض الدین محمد کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اس منگنی کی اطلاع دی تھی کہ ان کی سالگرہ کے دن ان کے خاندان اور دیگر عزیزوں کی موجودگی میں ان کی منگنی کی تقریب منعقد ہوئی۔

جبکہ رات ایک بجے خدیجہ رحمان نے بھی اپنے نکاح کے بعد ایک تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی ہے۔  

یاد رہے کہ 2020 میں خدیجہ رحمان کو اس وقت ایک تنازعہ میں گھسیٹا گیا تھاجب بنگلہ دیشی مصنفہ تسلیمہ نسرین نے ان کےبرقعہ کو گھٹن والا قرار دیا۔تاہم خدیجہ رحمان نے اپنی مذہبی پختگی اورسمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس تنازعہ پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاتھا کہ یہ ان کی پسند ہے کہ وہ جو چاہیں پہنیں اور یہ ان کا اپنا انتخاب ہے۔آج نکاح کی تقریب کے بعد موسیقار اے آر رحمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر میں بھی عروسہ خدیجہ رحمان نقاب پہنی ہوئی ہیں۔