وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف متنازعہ ٹوئٹس! گجرات کے کانگریسی ایم ایل ا ے جگنیش میوانی کو آسام پولیس نے گرفتار کرلیا

وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف متنازعہ ٹوئٹس!
گجرات کے کانگریسی ایم ایل اے جگنیش میوانی کو آسام پولیس نے گرفتار کرلیا

احمدآباد: 21۔اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

گجرات کے دلت نوجوان لیڈر و کانگریسی ایم ایل اے جگنیش میوانی کو گزشتہ رات آسام پولیس نے گجرات پہنچ کرگرفتارکرلیا۔کانگریس کے ایم ایل اے جگنیش میوانی کو آسام پولیس نے چہارشنبہ کی رات گجرات کے پالن پور قصبہ پہنچ کرگرفتار کیا اور آج صبح احمدآباد ایرپورٹ سے انہیں آسام لے جایا گیا۔

جگنیش میوانی کے معاون سریش نے میڈیا کو بتایا کہ گجرات سے تعلق رکھنے والے ممتاز دلت رہنما کو انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 153A کے تحت ایک فرسٹ انفارمیشن رپورٹ(ایف آئی آر) کے فوراً بعدگرفتار کرلیا گیا،جو کہ برادریوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے سے متعلق جرائم سے متعلق ہے۔اور آسام کے کوکراجھار پولیس اسٹیشن میں ایک بی جے پی لیڈر کی جانب سے ان کے خلاف ایک کیس درج کروایا گیا تھا۔

دی نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق آسام پولیس کے عہدیداروں کے ذریعہ فراہم کردہ ایک دستاویز کے مطابق جگنیش میوانی کی جانب سے چند دن قبل کیے گئے ٹوئٹس پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔خبررساں ادارہ اے این آئی کو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کوکراجھارتھوبے پرتیک وجے کمار نے بتایا کہ کوکراجھار پولیس نے وڈگام گجرات کے کانگریس ایم ایل اے جگنیش میوانی کو کل رات پالن پور سرکٹ ہاؤس سے گرفتار کیا گیا ہے۔        

 

گجرات میں گرفتار کیے گئے دلت لیڈر و کانگریسی ایم ایل اے جگنیش میوانی کو پہلے سڑک کے ذریعہ احمد آباد لایا گیا اور پھر آج صبح سویرے ہوائی جہاز سے آسام لے جایا گیا۔

جگنیش میوانی بناس کنٹھا کی وڈگام نشست سے آزاد ایم ایل اے تھے۔تاہم وہ حال ہی میں کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ایک بیان میں میوانی کے دفتر نے کہا کہ انہیں آسام پولیس نے چہارشنبہ کی رات 11:30 بجے پالن پور سرکٹ ہاؤس سے گرفتار کیا۔جگنیش میوانی کی گرفتاری کی اطلاع پر گجرات کانگریس کے صدر جگدیش ٹھاکر اور دیگر کانگریس لیڈرس احمدآباد ایئرپورٹ پہنچے اور بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

دلت لیڈر و کانگریسی ایم ایل اے جگنیش میوانی کی جانب سے کیے گئے ان دو ٹوئٹس کو ٹوئٹر نے اس پیغام کے ساتھ روک دیا ہے کہ” قانونی مطالبے پر آپ کے ٹوئٹس کو ہندوستان میں روک دیا گیا ہے”۔

جگنیش میوانی کے آسام پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد اداکارہ و سماجی کارکن سوارا بھاسکر نے جگنیش میوانی کی جانب سے کیےگئے ٹوئٹس کے اسکرین شارٹ اور گرفتاری کے وقت کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئےلکھا ہے کہ”جگنیش میوانی،سب سے زیادہ پرعزم کارکنوں اورمتحرک ایم ایل اے میں سے ایک ہیں جن سے میں کبھی ملی ہوں۔وہ ہمیشہ ناانصافی کے خلاف کھڑا رہے۔ وہ عوام کےمنتخب نمائندہ ہیں اور اب جگنیش میوانی کو مبینہ طور پر کچھ ٹوئٹس کے خلاف پر گرفتار کیا گیا ہے! کیوں؟؟