تلنگانہ میں ٹریفک چالانات میں رعایت
گاڑی مالکین کا زبردست ردعمل،اب تک 190 کروڑ روپئے وصول
31 مارچ قطعی تاریخ، توسیع کا کوئی منصوبہ نہیں!
حیدرآباد:25۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ پولیس نے 26 فروری کو اداشدنی ٹریفک چالانات کی رقم میں زبردست رعایت کا اعلان کرتے ہوئے ہزاروں روپیوں کے اداشدنی چالانات کی رقم کی ادائیگی کے مسئلہ پر پریشان حال گاڑی مالکین کےلیے” بمپر آفر ”دیا تھا۔اس رعایت کے اعلان کے بعد دارالحکومت حیدرآباد کے تینوں پولیس کمشنریٹ کے حدود کے علاوہ ریاست بھر میں ان ادا شدنی چالانات کی وصولی کا یکم مارچ سے آغاز ہوا اور اس کی قطعی تاریخ 31 مارچ ہے۔
اس سلسلہ میں ٹریفک جوائنٹ کمشنر حیدرآباد پولیس مسٹر رنگاناتھ کے بموجب ریاست بھر میں گاڑی مالکین کی جانب سے اس معاملہ میں توقع سے زیادہ بہترین ردعمل سامنے آیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملہ میں 650 کروڑ روپئے سے زائد مالیتی ادا شدنی چالانات کا مسئلہ حل کرلیا گیا ہے۔اس طرح اس جملہ رقم میں سے رعایت کے بعد اب تک 190 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں۔
ٹریفک جوائنٹ کمشنر حیدرآباد پولیس مسٹر رنگاناتھ نے بتایا کہ اب تک ایک کروڑ 85 لاکھ چالانات کا مسئلہ حل کرلیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مختلف گاڑی مالکین کی جانب سے روزآنہ سات لاکھ تا دس لاکھ ٹریفک چالانات کی ادائیگی عمل میں لائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے محکمہ پولیس کی جانب سے دئیے گئے اس بمپر آفر کی قطعی تاریخ 31 مارچ بروز جمعرات تک ہے۔انہوں نے ایسے گاڑی مالکین سے خواہش کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر رعایت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ادا شدنی چالانات کی رقم ادا کریں جنہوں نے اب تک ادائیگی عمل میں نہیں لائی ہے۔
ساتھ ہی ٹریفک جوائنٹ کمشنر حیدرآباد پولیس مسٹر رنگاناتھ نے واضح کیا کہ اس معاملہ میں تاریخ میں توسیع کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اس لیے گاڑی مالیکن 31 مارچ تک اس سہولت اس استفادہ کریں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ریاست بھر میں جملہ 1،500 کروڑ مالیتی چالانات وصول طلب ہیں اور امید ہے کہ اس میں سے 60 یا 70 فیصد تک ادائیگی موصول ہوگی۔
یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگا کہ تلنگانہ پولیس کی جانب سے ان اداشدنی چالانات پر رعایت کا یکم مارچ سے آغاز ہوچکا ہے اور 31مارچ تک ان چالانات کی رقم ادا کی جاسکتی ہے۔
ان چالانات کی رقم میں چھوٹ کے بعد آن لائن یا پھر لوک عدالتوں کے ذریعہ ادا کی جاسکتی ہے۔
ٹووہیلر اور تھری وہیلر گاڑیوں (موٹرسیکلوں،آٹورکشاؤں،مال بردار،پک اپ ویانس،آٹو ٹرالیوں) کے ادا شدنی چالانات کی رقم کی یکمشت ادائیگی پر 75 فیصد چھوٹ ہوگی۔جملہ چالان کی 25 فیصد رقم ادا کرنا ہوگا۔
جبکہ آرٹی سی بسوں کے لیے 70 فیصد رعایت،لائٹ موٹر وہیکلس اور ہیوی موٹر وہیکلس کے ادا شدنی چالانات میں 50 فیصد کی چھوٹ ہوگی ۔
وہیں ٹھیلہ بنڈیوں پر عائد کیے گئے چالانات کی ادا شدنی رقم میں 75 فیصد کی چھوٹ کی خصوصی رعایت ہوگی۔
اسی طرح "No Mask” ماسک نہ پہننے والوں کو 900 روپئے تک کی چھوٹ دی جائے گی جن پر قبل ازیں 1000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ دو سال سے کوویڈ کی وبا، ملازمتوں اور روزگار سے محروم ہونے والے پریشان حال عوام بالخصوص مڈل کلاس اور غریب طبقہ کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔گاڑی مالکین کے لیے ان چالانات کی بھاری رقم کی اداائیگی پریشان کیے ہوئے تھی۔حکومت تلنگانہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے یہ اقدام گاڑی مالکین کے مفاد میں بہتر مانا جارہا ہے۔

