وزیراعلیٰ تلنگانہ کے سی آر مکمل صحتمند، تشویش کی بات نہیں، یشوداہسپتال سے ڈسچارج،ایک ہفتہ آرام کا مشورہ

وزیراعلیٰ تلنگانہ کے سی آر مکمل صحتمند،تشویش کی بات نہیں
ہسپتال سے ڈسچارج،ایک ہفتہ آرام کا مشورہ
طبی معائنوں کے بعد یشودا ہسپتال کے ڈاکٹرز کا بیان
صدر تلنگانہ بی جے پی نے بہتر صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا
حیدرآباد: 11۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ آج صبح اپنے ایک پیر اور ہاتھ میں درد اور کمزوری کی شکایت کے ساتھ سوماجی گوڑہ کے یشودا ہسپتال سے رجوع ہوئے تھے۔جہاں ان کے شخصی معالجوں کی نگرانی میں 20 ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کی مکمل طبی جانچ کی۔اور ان کے مختلف طبی ٹسٹ کیے گئے۔

وزیراعلیٰ کے شخصی معالج ڈاکٹر ایم وی راؤ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ مکمل طور پرصحتمند ہیں کسی کو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔وزیراعلیٰ کو یشودا ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور وہ پرگتی بھون پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیشہ ماہ فروری میں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کا ہیلتھ چیک اپ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے دو دنوں سے پیر اور ہاتھ میں ہلکے درد اور کمزوری کی شکایت کی تھی۔جس کے بعد ان کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا اور ساتھ ہی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کا سی ٹی اسکیان اور انجیوگرام ٹسٹ بھی کیا گیا۔ 

اسی طرح یشودا ہسپتال سوماجی گوڑہ کے چیف کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر پرمود نے کہا کہ شخصی معالجوں کی موجودگی میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کی مکمل طبی جانچ کی۔اور ان کے مختلف ٹسٹ بھی کیے گے۔ابتدائی معائنوں کے بعد وزیراعلیٰ کے انجیوگرام سے پتہ چلا کہ ان کے دل کے وال بند نہیں ہیں اور انہیں سانس پھولنے کی شکایت بھی نہیں ہے۔وزیراعلیٰ کے سی آر کی رپورٹس نارمل آئی ہیں مزید رپورٹس کا آنا باقی ہے۔

ڈاکٹر ایم وی راؤ نے کہا کہ ایم آر آئی اسکیان سے پتہ چلا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر کی گردن میں ایک معمولی مسئلہ تھا جو کہ صرف عمر سے حساب سے ہے۔اور اس کے متعلق فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔اور انہیں ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 

وزیراعلیٰ کے سی آر کے ساتھ ان کی اہلیہ محترمہ شوبھا،فرزند و ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی آر،ان کی دختر و رکن قانون ساز کونسل محترمہ کے۔کویتا، داماد انیل کمار، وزیر فینانس و صحت ٹی۔ہریش راؤ،رکن پارلیمان سنتوش کمار اور دیگر یشودا ہسپتال میں موجود تھے۔وزیراعلیٰ کے سی آر نے اس وجہ سے آج اپنا دؤرہ یادادری ملتوی کردیا ہے۔

اسی دؤران وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کی خرابی صحت کی اطلاع کے بعد ریاستی صدر بی جے پی و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ وزیراعلیٰ کی خرابی صحت کی اطلاع سے انہیں تشویش ہوئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا ہے کہ ان کی دعا اور دلی تمنا ہے کہ وزیراعلیٰ صحتمند رہیں۔