وقارآباد ضلع: تانڈور میں چوری کےموبائل فون نے جان لے لی!
دو دوستوں کے ہاتھوں تیسرے دوست کا قتل
قتل کے بعد دو نوجوانوں نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا
وقارآباد/تانڈور:10۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)
چوری کیے گئے ایک موبائل فون نے تین نوجوانوں کی زندگی بردباد کردی۔جس میں سے دو دوستوں نے مل کر پتھر سے حملہ کرتے ہوئے اپنے تیسرے دوست کا قتل کردیا۔
وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق تانڈور کے گاندھی نگر کے ساکن پرشانت،مل ریڈی پلی کے ساکن راجو اور تانڈور منڈل کے موضع انتارام کے ساکن جشونت تانڈور کے گورنمنٹ جونیئر کالج میں انٹرمیڈیٹ میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
پرشانت نے حال ہی میں کہیں سے ایک موبائل فون چوری کیا تھا اور اس نے اپنے دو دوستوں راجو اور جشونت کو یہ موبائل فون دیتے ہوئے کہا کہ اسے بیچ کر رقم دیں۔راجو اور جشونت نے ایک موبائل شاپ پر اس موبائل فون کو بیچنے کی کوشش کی تاہم دکان مالک نے متنبہ کیا کہ یہ موبائل فون چوری کا ہے۔اس سے راجو اور جشونت برہم ہوگئے کہ پرشانت نے چوری کا فون بیچنے کے لیے انہیں دے کر انہیں ذلیل کیا۔
گزشتہ رات راجو اور جشونت نے پرشانت کو فون کرکے ملاقات کی غرض سے بلایا یہ دونوں پرشانت کو لے کر پدیمول منڈل کے گوٹلہ پلی موضع کے ایک سنسان مقام پر پہنچے۔جہاں اس موبائل فون کے متعلق ان تینوں میں بحث اور جھگڑے کے بعد برہم راجو اور جشونت نے پرشانت (16 سالہ) کا سر پتھروں سے کچل کر اس کا قتل کردیا۔اپنے دوست پرشانت کے قتل کے بعد راجو اور جشونت وہاں سے واپس آگئے۔
بعدازاں یہ دونوں تانڈور پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کرتے ہوئے سارا واقعہ پولیس کو بتادیا۔ان دونوں کی اطلاع کے بعد رات ہی پولیس فوری موضع گوٹلہ پلی کے اس سنسان مقام پر پہنچ گئی اور کافی تلاش کے بعد خون میں لت پت پرشانت کی نعش برآمد ہوئی۔جہاں سے پولیس نے بعد پنچنامہ نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال منتقل کیا۔
بعدتفتیش تانڈور پولیس نے راجو اور جشونت کو مزید کارروائی کی غرض سے پدیمول پولیس کے حوالے کردیا۔

