جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر نگرانی تانڈور میں صفاء بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کی جانب سے 75 ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم

جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کی زیر نگرانی تانڈور میں

صفاء بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کی جانب سے 75 ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم

رکن اسمبلی تانڈور اور رکن قانون ساز کونسل نے مسلم تنظیموں کی سراہنا کی

وقارآباد/تانڈور:27۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کی زیرنگرانی صفاء بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کی جانب سے آج تانڈور کے نیشنل گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں بلا امتیاز مذہب و ملت غریب،مستحق چھوٹے بیوپاریوں میں 75 جدید تیار شدہ ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔

اس تقریب میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور رکن قانون ساز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی وسابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے ان مسلم تنظیموں کی جانب سے چھوٹے بیوپاریوں کی اس طرح مدد کو لائق ستائش قرار دیا کہ بلاء مذہبی امتیاز مستحقین میں ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم ایک قابل سراہنا اقدام ہے۔

ساتھ ہی رکن قانون ساز کونسل اور رکن اسمبلی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ اور وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ مختلف اسکیمات کے ذریعہ تمام طبقات کی معاشی اور تعلیمی ترقی میں مصروف ہیں۔اور اقلیتوں کے لیے بھی کئی ایک اسکیمات ہیں جن سے استفادہ کرنے کی اور اہل و مستحقین کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔رکن قانون ساز کونسل اور رکن اسمبلی نے اس طرح کے فلاحی اور امدادی کاموں کے لئے اپنی جانب سے تمامتر تعاون کا تیقن بھی دیا۔

اس تقریب کی خصوصیت یہ رہی کہ جدید ٹھیلہ بنڈیوں کے علاوہ ترکاری فروشوں کو ترکاریوں سمیت اور پھلوں کے بیوپاریوں کو پھلوں کے ساتھ اور دیگر مختلف چھوٹے کاروباریوں میں ان کے کاروبار کی مناسبت سے ضروری اشیاء بھی حوالے کی گئیں۔

اس تقریب میں صدر جمعیۃ علما ضلع وقارآباد مولانا محمد عبداللہ اظہرقاسمی نے کہا کہ کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے باعث بالخصوص چھوٹے موٹے کاروبار کرنے والوں کو بری طرح پریشان ہونا پڑا ہے اور کئی ایک بیوپاری سودی قرض لینے یا کسی کے پاس معمولی تنخواہ کے عوض کام کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

ایسے حالات میں ان کی مدد کرنا اور انہیں روزگار سے جوڑکر دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ایک عظیم خدمت ہے انہوں نے صفاء بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کا شکریہ اداکیا۔

اس تقریب میں حافظ محمد مبشر خان انچارج صفابیت المال،محمدصابر انچارج رہبر فاؤنڈیشن،محمدخواجہ(پاشاہ بھائی)سابق امیر مشاورت،امیر مشاورت مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن محمدخورشیدحسین،صدرمجلس اتحادالمسلمین تانڈورعبدالہادی شہری،صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن محمد بابر،

سیدعبدالغفورپاشاہ،محمدطاہرقریشی،عبداللہ مجاہدی،وٹھل نائیک صدر مارکیٹ کمیٹی،راجوگوڑ،ڈاکٹرحافظ عبدالسلام، مولاناعبدالرحمن اطہر قاسمی،حافظ محمد رئیس الدین،مولانا آصف الدین رشیدی کے علاوہ اراکین جمعیۃ علماضلع وقارآباد و صفاء بیت المال،اراکین مشاورت و عاملہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن کے علاوہ معززین شہر،مسلم وغیرمسلم ذمہ داران اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔