تلنگانہ میں”ہمارا گاؤں،ہمارا اسکول،ہماری بستی” پروگرام کے تحت
26 ہزار سرکاری اسکولوں کی ترقی پر 7298.50 کروڑ خرچ کئے جائیں گے
تانڈور کی ترقی کے لیے منرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ سے 13.50 کروڑ کی منظوری
وقارآباد میں منعقدہ اجلاس سے وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا خطاب
وقارآباد: 24۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیرتعلیم تلنگانہ پی۔سبیتا اندرا ریڈی کی زیر صدارت وقارآبادکے ڈی پی آرسی بھون میں منعقدہ "منا اُورو،منا بڈی۔منا بستی”(ہمارا گاؤں۔ہمارا اسکول۔ہماری بستی) پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کی عین خواہش ہے کہ ریاست میں موجود تمام سرکاری اسکولوں کو کارپوریٹ اسکولوں کی طرز پر ترقی دی جائے۔
اس اجلاس میں رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی،چیوڑلہ،وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل کے ارکان اسمبلی کالے یادیا، ڈاکٹر میتکو آنند،پائلٹ روہت ریڈی،مہیشور ریڈی اور پی۔نریندرریڈی ،ضلع کلکٹر نکھیلا،اسٹیٹ چیئر مین ایجوکیشنل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن ناگیندر گوڑ،رکن ریاستی بی سی کمیشن شبھاپردھ پٹیل،وائس چیئرمین ضلع پریشد وجئے کمار،چیئرمین ضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ،ایڈیشنل کلکٹر موتی لال،ڈی ای او وقارآباد رینوکادیوی کے علاوہ دیگر عہدیدار شریک تھے۔

اور اس کے لیے ریاستی وزرا پرمشتمل سب کمیٹی میں غور وخوص کے بعد ایک منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ تین مرحلوں میں ریاست کے 26 ہزار سرکاری اسکولوں کی ترقی پر جملہ 7،298 کروڑ 54 لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔جن میں 22 لاکھ طلباء و طالبات زیرتعلیم ہیں۔
وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ”ہماراگاؤں۔ہمارا اسکول۔ہماری بستی” نامی اس پروگرام کے تحت ضلع وقارآباد کے 371 سرکاری اسکولوں کا انتخاب کرتے ہوئے انہیں کارپوریٹ طرز پر ترقی دی جائے گی۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس کے لیے تمام کا تعاون درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ جو کوئی ایک کروڑ روپئے کا عطیہ دیں گے اس اسکول کو ترقی دے کر عطیہ دینے والوں کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔
قبل ازیں وقارآباد کے ہی ڈی پی آرسی بھون میں منعقدہ "ڈسٹرکٹ منرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ” کے اجلاس میں وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ منرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے ذریعہ حلقہ اسمبلی تانڈورمیں مختلف ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کی انجام دہی کے لیے 13 کروڑ 50 لاکھ روپئے منظور کئے جارہے ہیں۔اسی طرح ضلع کے 42 آنگن واڑی مراکز کی ترقی پر 12 لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ ساتھ ہی ڈسٹرکٹ منرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے فنڈ سے اسمبلی حلقہ جات پرگی اور کوڑنگل میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لیے فی اسمبلی حلقہ کس دو،دو کروڑ روپئے خرچ کیے جائیں گے۔جبکہ دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی 56 لاکھ روپئے،ڈبل بیڈروم مکانات میں برقی کنکشن کے لیے 3 لاکھ 54 ہزار روپئے منظور کئے جارہے ہیں۔اس اجلاس میں چیوڑلہ اسمبلی حلقہ کے نواب پیٹ،وقارآباد،تانڈور،پرگی اور کوڑنگل میں 50 لاکھ روپئے کے مصارف سے ویٹنگ رومس کی تعمیر کے منصوبے کو منظوری دی۔
وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے اس اجلاس میں بتایا کہ ضلع میں زیرالتوا منظورہ مختلف کاموں کی انجام دہی کے لئے ڈسٹرکٹ منرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے فنڈ سے 6 کروڑ 83 لاکھ روپئے منظورکئے گئے ہیں۔
اس اجلاس میں رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی،چیوڑلہ،وقارآباد، تانڈور،پرگی اور کوڑنگل کے ارکان اسمبلی کالے یادیا،ڈاکٹر میتکو آنند،پائلٹ روہت ریڈی،مہیشور ریڈی اور پی۔نریندرریڈی،ضلع کلکٹر نکھیلاکے علاوہ دیگر عہدیدار شریک تھے۔
وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے وقارآبادکے ڈی پی آرسی بھون میں بعدازاں ضلع کے آشاورکرس میں اسمارٹ فونس تقسیم کیے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صحت مند تلنگانہ وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کا خواب ہے اور کوویڈ وبا کے دؤران شعبہ صحت کے لیے وزیر اعلیٰ نے کروڑہا روپئے صرف کئے۔کوویڈ وبا کے دؤران ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے ساتھ ساتھ آشاورکرس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

