کسان تحریک کے دؤران لال قلعہ پر مذہبی پرچم لہرانے کے معاملہ کا ملزم
و پنجابی اداکار دیپ سدھو سڑک حادثہ میں ہلاک، چیف منسٹر پنجاب کا اظہار تعزیت
نئی دہلی/ہریانہ: 15۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
کسان تحریک کے دؤران 26 جنوری 2021ء کو یوم جمہوریہ کے موقع پر تاریخی لال قلعہ کے احاطہ میں مذہبی پرچم لہرانے کے معاملہ کے ایک ملزم و پنجابی اداکار دیپ سدھو کی آج رات ایک سڑک حادثہ میں موت واقع ہوگئی۔
یہ حادثہ دہلی بائی پاس کے کنڈلی-مانے سر-پلوال ایکسپریس(کے ایم پی) ہائی وے پر پیش آیا۔جائے حادثہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس حادثہ کے ویڈیوز میں دیکھا گیا ہے کہ ایک سفید رنگ کی ایس یو وی گاڑی ٹریلر ٹرک کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی ہے جس سے ایس یو وی گاڑی کے ڈرائیور کی جانب کا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوا ہے۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ دیپ سدھو دہلی سے پنجاب کے بھٹنڈہ جا رہے تھے اور وہ اس SUV گاڑی میں وہ سفر کر رہے تھے جو کہ آج رات 9:30 بجے ایک ٹریلر ٹرک کے پچھلے حصہ سے ٹکرا گئی۔ہسپتال کے حکام نے بتایا کہ دیپ سدھو کو جب ہسپتال لایا گیا تھا تب تک ان کی موت واقع ہوچکی تھی۔
یاد رہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے بنائے گئے تین زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرنے والے احتجاجی کسانوں کی جانب سے یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں نکالی گئی ٹریکٹر ریالی کے دؤران 26 جنوری 2021 کو چند شرپسند عناصر کا ہجوم دہلی کے تاریخی لال قلعہ میں داخل ہوگیا تھا اور ان میں سے چند ایک نے لال قلعہ کی عمارت پر چڑھ کر سکھوں کا مذہبی پرچم لہرادیا تھا۔
اس واقعہ کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے جس میں نظر آرہا تھا کہ اس ہجوم کی قیادت اور پرچم لہرانے کیلئے فلم اداکار دیپ سدھو اس ہجوم کو اُکسانے میں مصروف تھا۔
بعد ازاں اسی دن فیس بک لائیو میں دیپ سدھو نے اعتراف کیا تھا کہ پرچم اسی نے لہرایا ہے۔جسکے بعد دہلی پولیس نے دیپ سدھو اور دیگر تین افراد کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرلیا تھا۔
یوم جمہوریہ 2021ء کو تاریخی لال قلعہ کے احاطہ میں مذہبی پرچم لہرانے کے معاملہ کے ایک ملزم اداکار دیپ سدھو کو دہلی پولیس 9 فروری کو گرفتار کرلیا تھا جو کہ اس واقعہ کے بعد مفرور دیپ سدھو پر دہلی پولیس نے ایک لاکھ روپئے کا انعام بھی رکھا تھا۔بعدازاں دیپ سدھو کو عدالت سے ضمانت حاصل ہوئی تھی۔
آج رات پنجابی اداکار دیپ سدھو کی سڑک حادثہ میں موت کے بعد چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ دیپ سدھو کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے افراد خاندان اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
” لال قلعہ معاملہ میں 9 فروری 2021ء کو دیپ سدھو کی گرفتاری اور دیگر تفصیلات سحرنیوز ڈاٹ کام کی اس لنک پر”
لال قلعہ کے احاطہ میں پرچم لہرانے کا معاملہ ، دیپ سدھو گرفتار

