"او مترو”! "اومیکرون” سے زیادہ خطرناک
یوگی پر ملک کی گنگاجمنی تہذیب کو نقصان پہنچانے کا الزام
سینئر کانگریسی ایم پی کیرالا ششی تھرور کا ٹوئٹ
نئی دہلی: 01۔فروری(سحرنیوز ڈیسک)
وزیراعظم نریندر مودی پر واضح طور پر طنز کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر قائد اور رکن پارلیمان ترواننت پورم کیرالا مسٹر ششی تھرور نے کہا ہے کہ ” او،مترو!! اومیکرون سے زیادہ خطرناک ہے "۔
کل پیر کو کیے گئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کانگریس کے سینئر قائد ششی تھرور نے لکھا ہے کہ ” او میترو! اومیکرون سے زیادہ خطرناک ہے”
ہم یہ نتائج ہر روز بڑھتے ہوئے پولرائزیشن،نفرت اور تعصب کے فروغ،آئین پر جارحانہ حملوں اور ہماری جمہوریت کے کمزور ہونے میں دیکھتے ہیں۔اس وائرس کی کوئی ” ہلکی قسم ” نہیں ہے۔”
مذہبی منافرت اور نفرت کی جاریہ سیاست پر ترواننت پورم،کیرالا کے رکن پارلیمان ششی تھرور جوکہ 23 کتابوں کے مصنف بھی ہیں اور وقتاً فوقتاً مختلف نئے نئے محاوروں کی ایجاد کے ذریعہ فرقہ پرستی،مذہبی منافرت اور نچلے درجہ کی سیاست پر طنز کرتے رہتے ہیں۔
کانگریس کے رکن پارلیمان و سینئر قائد ششی تھرور نے 29 جنوری کو چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ کا ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان پر تعصب اورتقسیم کا الزام عائد کیا۔اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے اس ویڈیو کے ساتھ ہندی میں چار لائن لکھے ہیں کہ :
"تمہیں علم نہیں ہے تم نے ملک کا کتنا نقصان کیا ہے!
اس ملک کو شمشان و قبرستان کیا ہے
گنگا جمنی تہذیب کا اپمان کیا ہے
بھائی بھائی کو ہندومسلمان کیا ہے۔”
ششی تھرور نے ملک کی پانچ ریاستوں اتر پردیش، پنجاب،گوا،منی پور اور اتراکھنڈ میں منعقد ہونے والے انتخابات سے چند دن قبل اور لوک سبھا میں مرکزی بجٹ کی پیشکش سے ایک دن قبل یہ ٹوئٹ کیا ہے۔
وہیں آج وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کی جانب سے پیش کیے گئے مرکزی بجٹ پر چٹکی لیتے ہوئے ششی تھرور نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مرزا غالب کا ایک مشہور شعر ٹوئٹ کیا ہے:
آہ کو چاہئے اِک عمر اثر ہوتے تک
کون جیتا ہے تِری زُلف کے سَر ہوتے تک

