وقارآباد کلکٹریٹ میں ایک شخص کی رسی اور جراثیم کش دوا کے ساتھ ہلچل،خودکشی کی کوشش، پولیس کی مداخلت

وقارآباد کلکٹریٹ میں ایک شخص کی رسی اور جراثیم کش دوا کے ساتھ ہلچل
خودکشی کی کوشش،پولیس کی مداخلت،متاثرہ شخص پولیس تحویل میں
اراضی کی پٹہ پاس بک جاری کرنے میں تاخیر اور رشوت کا الزام

وقارآباد:31۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں آج اس وقت زبردست سنسنی پھیل گئی جب ایک شخص رسی اور جراثیم کش دوا کے ڈبے کے ساتھ دفتر کلکٹریٹ کے احاطہ میں داخل ہوگیا اور رسی کی مدد سے وہاں موجود درخت سے لٹک کر پھانسی لینے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود ایڈیشنل کلکٹر مسٹر موتی لال کی چوکسی اور پولیس کی مداخلت نے اس شخص کو اس انتہائی اقدام سے با زرکھتے ہوئے اس پر قابو پانے کے بعد اس شخص کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔

اس واقعہ کی تفصیلات چیوڑلہ ضلع رنگاریڈی کے اس متاثرہ شخص محمد خلیل کے مطابق انہوں نے چند ماہ قبل وقارآباد ضلع کے پوڈور منڈل کے چیلا پور کے ساکن ایک کسان کے پاس سے اس کی پانچ ایکڑ اراضی جو کہ سروے نمبرات 215۔216 اور 217 کے تحت موجود ہے خریدنے کی غرض سے معاہدہ کرتے ہوئے بیعانہ کے طور پر کچھ رقم حوالے کی۔

تاہم اس کسان کے پاس اس اراضی سے متعلق قدیم پٹہ پاس بک موجود ہے تو اس کسان نے اراضی کی فروخت اور رجسٹریشن کی غرض سے چند ماہ قبل می۔سیوا کے ذریعہ درخواست داخل کی تھی کہ اسے اس اراضی کی جدید پٹہ پاس بک جاری کی جائے۔لیکن آج تک اس پر محکمہ مال (Revenue Dept) کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی کسان کو جدید پٹہ پاس بک ہی جاری کی گئی۔

دوسری جانب کل یکم فروری سے ریاست میں اراضیات کی قیمتیں اور رجسٹریشن چارجس میں زبردست اضافہ ہونے والا ہے۔

اسی دؤران کسان کے ساتھ اراضی کا معاہدہ کرنے والے محمدخلیل دلبرداشتہ اور حالت برہمی میں آج دفتر کلکٹریٹ وقارآباد پہنچ گئے ان کے ساتھ ایک رسی اور جراثیم کش دوا کا ڈبہ بھی موجود تھا۔

https://youtu.be/Wad5rUko0tQ

محمد خلیل کا الزام تھا کہ وقارآباد ضلع کے محکمہ مال میں رشوت ستانی عروج پر ہے۔کسانوں کی درخواستوں کو مہینوں نظر انداز کیا جارہا ہے۔

انہی الزامات کے ساتھ وہ دفتر کلکٹریٹ کے احاطہ میں موجود ایک درخت سے خودکشی کرلینے کی کوشش کرتے ہوئے رسی کو درخت پر باندھنے کی تیاری کررہے تھے ایڈیشنل کلکٹر ضلع وقارآباد مسٹر موتی لال اس ہنگامہ آرائی پر وہاں پہنچ گئے اور محمد خلیل کو اس اقدام سے باز رکھنے کی کوشش کی اور انہیں سمجھایا کہ ان کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے گا۔

ایڈیشنل کلکٹر مسٹر موتی لال نے اسی دؤران فوری پولیس کو فون کرتے ہوئے دفتر کلکٹریٹ طلب کرلیا۔اطلاع کے بعد سرکل انسپکٹر پولیس وقارآباد راج شیکھر پولیس عملہ کے ساتھ دفتر کلکٹریٹ پہنچ گئے اور محمدخلیل کو سمجھاتے ہوئے ان کے پاس سے رسی اور جراثیم کش دوا کا ڈبہ کھینچ لیا۔بعد ازاں محمد خلیل کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔

بعد ازاں ایڈیشنل کلکٹر وقارآباد مسٹر موتی لال نے کہا کہ محمدخلیل کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کی تحقیقات کی جائیں گی اور ساتھ ہی کسان کی جانب سے داخل کردہ درخواست کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دفتری معاملہ میں تاخیر ہوتو اس طرح کا اقدام انتہائی غلط ہے اور متاثرین کو چاہئے کہ وہ ایسے معاملات کی شکایت اعلیٰ عہدیداروں سے رجوع ہوکر کریں تو ان مسائل کو فوری حل کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔