ٹیلی پرومپٹر بھی ایسا جھوٹ برداشت نہیں کرسکتا تھا!
راہول گاندھی کا ٹوئٹر پر طنز، ٹوئٹر پر ہیش ٹیاگ ٹرینڈ
وزیراعظم نریندرمودی کے ویڈیو کی سوشل میڈیا پر سونامی
نئی دہلی: 18۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
سوشل میڈیا کے تقریباً تمام پلیٹ فارمس پر وزیراعظم نریندر مودی کے ایک ویڈیو کی سونامی آئی ہوئی ہے۔وہیں زیادہ تر میڈیا پر بھی یہی معاملہ چھایا ہوا ہے۔
دراصل وزیراعظم نریندر مودی کل ڈاؤس میں منعقدہ "ورلڈ اکنامک فورم” کے ایک اجلاس سے ورچول خطاب کررہے تھے کہ ٹیلی پرومپٹر میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی جس پر وزیراعظم کچھ لمحوں کے لیے بے چین ہوگئے اور کچھ دیر کے لیے اپنا خطاب روک دیا۔
اپوزیشن جماعتیں ہمیشہ الزام عائد کرتی ہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی ٹیلی پرومپٹر کے بغیر ایک لفظ بھی نہیں بول سکتے!!
اس سلسلہ میں سابق صدر کل ہند کانگریس و رکن پارلیمان راہول گاندھی نے چٹکی لیتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ”ٹیلی پرومپٹر بھی ایسا جھوٹ برداشت نہیں کرسکتا تھا”!
راہول گاندھی کے اس ٹوئٹ کو اب تک 52،000 صارفین نے لائیک اور 13،000 سے زائد صارفین نے ری ٹوئٹ کیا ہے۔
اس سلسلہ میں ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر ٹرولنگ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے اور میمس Memes# بھی بنائے جارہے ہیں۔اور ٹوئٹر پر TeleprompterPM# اور RealPappu# کے ہیش ٹیگ بھی شروع ہوگئے ہیں۔جس پر ہزاروں طنزیہ ٹوئٹس کیے جارہے ہیں۔
وہیں راہول گاندھی کا ایک ویڈیو بھی وائرل کردیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ”نریندر مودی کو بولنے کے لیے کچھ نہیں رہا،ٹیلی پرومپٹر سے بولتے ہیں،ٹیلی پرومپٹر لگارہتاہے، پیچھے سے کنٹرولر ہے”۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی جلسوں اور دیگر مواقعوں پر ٹیلی پرومپٹر استعمال کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔کہا جاتا تھا کہ وہ انگریزی تحریر پڑھنے کے لیے ٹیلی پرومپٹر کا استعمال کرتے ہیں!
جبکہ Jawaharlal Nehru@ نام کی ایک ٹوئٹر آئی ڈی سے ٹوئٹ کیا گیا ہے کہ”کبھی ٹیلی پرومپٹر استعمال نہیں کیا،معلوم نہیں ٹیلی پرومپٹر کیا ہے،مجھ پر الزام لگانا بند کرو”۔
وہیں مشہور فیاکٹ چیکر آلٹ نیوز کے پرتیک سنہا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ”اس بات کا امکان نہیں ہے کہ پی ایم کو ٹیلی پرومپٹر کی خرابی ہوئی ہو۔اگر آپ ورلڈ اکنامک فورم میں کی گئی ان کی تقریر کی ریکارڈنگ کے ورژن پر نظر ڈالیں تو پس منظر میں کوئی شخص کہتا ہے،”سر آپ ان سے ایک بار پوچھیں کہ سب جڑ گئے کیا”۔وزیراعظم کے یوٹیوب چینل پر لائیو اسٹریم ہونے والی ویڈیو میں یہ حصہ واضح نہیں ہے”۔
یاد رہے کہ اسی معاملہ میں 4 مارچ 2019ء کو بہار اسمبلی انتخابات کے موقع پر سابق وزیراعلیٰ بہار لالوپرساد یادو جو کہ اس وقت جیل میں تھے نے بہار میں وزیراعظم کی ایک تقریر کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ”اپنی اسکیموں کی ناکامی سے پریشان آدمی کوئی بھی جھوٹ بول سکتا ہے،کوئی بھی”جملہ” پھینک سکتا ہے۔بہار میں شکست کے امکان نے پی ایم مودی کے اعتماد کو اس حد تک متزلزل کر دیا ہے کہ انہیں ہندی میں تقریر کرنے کے لیے ٹیلی پرومپٹر کو دیکھنا پڑتا ہے”۔

