تلنگانہ میں نائٹ کرفیو کے نفاذ اور دیگر پابندیوں کا
ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کوئی فیصلہ نہیں
چیف منسٹر چندراشیکھرراؤ کی مختلف ہدایات
حیدرآباد: 17۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ کی صدارت میں آج دوپہر 2 بجے سے پرگتی بھون حیدرآباد میں کئی گھنٹوں تک ریاستی کابینہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف تجاویزات کو منظور کرلیا گیا۔
تاہم ریاستی کابینہ نے ریاست میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس اور اومیکرون معاملات کو دیکھتے ہوئے ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلی رپورٹ اور محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداران کی سفارش پر ریاست میں نائٹ کرفیو یا دیگر سخت پابندیوں کے نفاذ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
جیسا کہ اندیشے جتائے جارہے تھے کہ حکومت ریاست میں 20 جنوری سے نائٹ کرفیو نافذ کرتے ہوئے مزید دیگر سخت پابندیاں عائد کرسکتی ہے۔اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس اور اومیکرون قابو میں ہیں!پھر بھی احتیاط لازمی ہے۔

ریاستی کابینہ کے اس اجلاس کے آغاز کے فوری بعد وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے ریاست میں جاری کورونا وائرس اور اومیکرون کے بڑھتے معاملات،متاثرین کی تعداد،متاثرین کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور اموات پرمشتمل ایک تفصیلی رپورٹ کابینہ کے اجلاس میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں حالات مکمل قابو میں ہیں اور ریاستی محکمہ صحت تمام حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
ساتھ ہی ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلہ میں ہرگز خوفزدہ یا پریشان نہ ہوں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔
ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے اس کابینی اجلاس کو بتایا کہ ریاست میں اب تک پانچ کروڑ اہل افراد کوویڈ ویکسین دئیے جاچکے ہیں اور مزید افراد کو ویکسین دئیے جائیں گے۔
وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے ریاست کے عوام کو مشورہ دیا کہ کوویڈ کی روک تھام کے لیے عوام کا تعاون لازمی ہے اور عوام اس کے لیے لازمی طور پر کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں ماسک لازمی طور پر پہنیں اور انسانی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں اور عوامی ہجوم و اجتماعات سے دور رہیں۔
ان تمام تفصیلات سے واقفیت کے بعد چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ،محکمہ صحت اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ محکمہ بلدیہ اور محکمہ پنچایت کے تعاون سے کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے عمل میں تیزی لائی جائے۔اور تمام اضلاع کے ذمہ دار وزرا کو چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹران کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں۔
” آج منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس کی مکمل تفصیلات سحر نیوز ڈاٹ کام کی اس لنک کو کلک کرکے پڑھی جاسکتی ہیں”۔

