حیدرآباد میں سرقہ کی بڑی واردات،قفل شکنی کے ذریعہ مکان سے ایک کلو سونا اور 22 لاکھ روپئے کی چوری

حیدرآباد میں سرقہ کی بڑی واردات،قفل شکنی کے ذریعہ
مکان سے ایک کلو سونا اور 22 لاکھ روپئے کی چوری

حیدرآباد: 13.۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے سنجیوا ریڈی نگر (ایس آر نگر) میں سرقہ کی بڑی واردات انجام دی گئی ہے۔جہاں نامعلوم سارقوں نے ایک مقفل مکان میں قفل شکنی کے ذریعہ مکان میں موجود ایک کلو سونا کے زیور اور 22 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا ہے۔

اس واقعہ کی تفصیلات سنجیوا ریڈی نگر پولیس کے بموجب سنجیوا ریڈی نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں موجود راجیو نگر کے سائی نواس فلیٹ نمبر 301 میں مقیم ایم وی سی شیکھر 10 جنوری کو اپنے تمام افراد خاندان کے ساتھ اپنے ایک رشتہ دار کی آخری رسومات میں شرکت کی غرض سے آندھرا پردیش کے پرکاشم ضلع گئے ہوئے تھے۔

بعدازاں آج جب وہ اپنے مکان پہنچے تو ان کے فلیٹ کا مین دروازہ کھلا ہوا تھا۔جب مکان کے اندر جاکر دیکھا تو مکان کا دروازہ توڑکر نامعلوم سارقوں نے سرقہ کی واردات انجام دی اور مکان کی الماری میں موجود ایک کلو سونا اور 22 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا تھا۔شیکھر نے فوری اس سرقہ کی واردات کی اطلاع سنجیوا ریڈی نگر پولیس اسٹیشن کو دی۔

اس سلسلہ میں سنجیوا ریڈی نگر پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ڈاگ اسکواڈ اور کلوز ٹیم کو متاثرہ مکان پر طلب کرلیا گیا۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ 12 جنوری کی رات 12 بجے سے صبح 5 بجے کے دؤران نامعلوم سارق اس مکان کے مکان دروازہ کو قفل اور اندرونی دروازہ توڑکر مکان میں داخل ہوئے اور ایک کلو سونا 22 لاکھ روپئے کی نقد رقم لے کر فرار ہوگئے۔

اس سلسلہ میں سنجیوا ریڈی نگر پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔سی سی کیمروں کے فوٹیج کی مدد سے بھی پولیس اس سرقہ کی واردات کی تحقیقات انجام دے رہی ہے۔