تلنگانہ کے تمام تعلیمی اداروں کو 8 تا 16 جنوری تعطیلات
محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کو چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد: 03۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے وزیرتعلیم اور محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ 8 جنوری تا 16 جنوری ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے تعطیلات کا اعلان کیا جائے۔آج رات دیر گئے چیف منسٹر نے یہ ہدایت جاری کی ہے۔
آج شام دیر گئے چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے پرگتی بھون میں وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ اور محکمہ تعلیمات و صحت کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کے بعد ہدایت دی ہے کہ ریاست میں موجود تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں اور کالجوں کے لیے تعطیلات کا اعلان کیا جائے۔
مانا جارہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں بھی کورونا وائرس اور اومیکرون کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے تلسنکرانتی کی سالانہ تعطیلات کا قبل ازیں اعلان کا چیف منسٹر کے سی آر نے یہ فیصلہ کیا گیا ہے! 16جنوری کے بعد موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کے دوبارہ آغاز یا پھر تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اس اجلاس میں چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے کورونا وائرس اور اومیکرون معاملات کے متعلق بھی تفصیلات حاصل کیں۔
ایک جانب کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ اور پھر اومیکرون متاثر کی بھی تعداد میں اضافہ حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ تعلیمی اداروں کے لیے مقرر تواریخ سے پہلے ہی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔کیونکہ ریاست میں 11 جنوری تا 16 جنوری تلسنکرانتی کی تعطیلات کا تعلیمی کیلنڈر میں پہلے ہی اعلان کیا گیا تھا۔
دوسری جانب محکمہ صحت تلنگانہ کے مطابق آج 3 جنوری بروز پیر ریاست میں 482 افراد نمونوں کی جانچ کے بعد کوویڈ سے متاثر پائے گئے ہیں۔
کورونا وائرس اور اومیکرون کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے عوام کے لیے لازمی ہوگیا ہے کہ کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں،ماسک لازمی طور پر پہنیں اور ساتھ ہی بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے دور رہیں۔
حکومت نے بھی ریاست میں تمام سیاسی، مذہبی اور دیگر اجتماعات کے انعقاد پر پابندی عائد کردی ہے اور ساتھ ہی عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں پر ایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

