تلنگانہ میں آج اومیکرون کے مزید 12 کیس درج
ریاست میں جملہ متاثرین کی تعداد 56 ہوگئی
ملک میں جملہ 578 افراد اومیکرون سے متاثر
حیدرآباد:27۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
کورونا وبا میں کمی کا سلسلہ جاری تھا اور زائد از دیڑھ سال بعد عام زندگی پٹری پر لوٹ رہی تھی کہ اسی دؤران جاریہ سال ماہ نومبر کے اختتام پر جنوبی آفریقہ میں دریافت ہونے والی کورونا وائرس کی دوسری شکل اومیکرون نے دوبارہ دنیا کو پریشان کردیا۔
دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی بہ نسبت اومیکرون متاثرین کی اموات انتہائی کم ہیں لیکن پھر بھی اومیکرون کا خوف سب کو پریشان اور خوفزدہ کیے ہوئے ہے۔
ہندوستان میں بھی اومیکرون متاثرین کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بلٹین کے مطابق ہندوستان میں اب تک 578 اومیکرون متاثرین پائے گئے ہیں۔
وہیں ریاست تلنگانہ میں بھی اومیکرون متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔آج 27 ڈسمبر کو تلنگانہ میں اومیکرون کے مزید 12 کیس درج کیے گئے ہیں۔اس طرح آج تک ریاست تلنگانہ میں اومیکرون متاثرین کی تعداد 56 تک پہنچ گئی ہے۔
وہیں یہاں یہ تذکرہ بھی لازمی ہے کہ دبئی سے واپس ہونے والا سرسلہ ضلع کا ساکن ایک نوجوان اومیکرون سے متاثر پایا گیا تھا جس کے بعد اس کی ماں اور بیوی کے نمونوں کی جانچ کی گئی تو یہ دونوں بھی اومی کرون سے متاثرہ پائے گئے تھے جنہیں ٹمس ہسپتال گچی باؤلی منتقل کردیا گیا۔بعدازاں اس نوجوان اور اس کے افراد خاندان کے رابطہ میں آنے والوں کے نمونوں کی جانچ کی جارہی ہے!!
اس طرح ان تین افراد کو چھوڑ کر دیگر تمام اومیکرون متاثرین مختلف ممالک سے حیدرآباد کےراجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر جانچ کے دؤران اومی کرون سے متاثر پائے گئے ہیں اور ان تمام متاثرین کو جنہیں گچی باؤلی کے تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں داخل کیا گیا جن میں سے کئی متاثرین صحت یاب ہوکر ڈسچارج بھی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج صبح 10 بجے جاری کیے گئے بلٹین کے مطابق اب تک ملک میں جملہ 578 افراد اومیکرون سے متاثر ہوئے ہیں۔

ان میں سب سے زیادہ دہلی میں 142، مہاراشٹرا میں 141، کیرالا میں 57،گجرات میں 49،راجستھان میں 43،آج شام تک تلنگانہ میں 56، تمل ناڈو میں 34،کرناٹک میں31،مدھیہ پردیش میں 9، آندھراپردیش اورمغربی بنگال میں 6،6، ہریانہ اور اڑیسہ میں 4،4،چندی گڑھ اور جموں و کشمیر میں3،3، اترپردیش میں 2 جبکہ ہماچل پردیش،لداخ اور اتراکھنڈ میں بالترتیب ایک ایک اومیکرون متاثرین پائے گئے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق ان میں سے 157 اومیکرون متاثرین صحت یاب ہوکر ڈسچارچ ہوچکے ہیں۔

