کرناٹک میں 28 ڈسمبر سے دس دن کے لیے نائٹ کرفیو کے نفاذ کا اعلان، نئے سال کی تقاریب پر بھی چند پابندیاں

کرناٹک میں 28 ڈسمبر سے دس دن کے لیے نائٹ کرفیو کے نفاذ کا اعلان
نئے سال کی تقاریب پر بھی چند پابندیاں
اب ملک کی جملہ سات ریاستوں میں رات کا کرفیو اور دو ریاستوں میں دفعہ 144 

بنگلورو: 26۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

کرناٹک کے وزیرصحت کے۔سدھاکر نے آج اعلان کیا ہے کہ حکومت کرناٹک نے ریاست میں 28 دسمبر،بروزمنگل سے رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک 10 دن کے لیے رات کے کرفیو کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔

کورونا وائرس اور اومی کرون کے بڑھتے معاملات اور خدشات کے پیش نظر حکومت کرناٹک نے رات کے کرفیو کے ساتھ ساتھ نئے سال کی پارٹیوں اور اجتماعات پر بھی چند پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

چیف منسٹر کرناٹک بسواراج بومائی کی صدارت میں ریاستی وزرا،مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں اور کوویڈ تیکنیکی مشاورتی کمیٹی کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرصحت کرناٹک کے۔سدھاکر نے کہا کہ 28 دسمبر سے دس دنوں کے لیے رات 10 بجے سےصبح 5 بجے تک نائٹ کرفیو اور دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیں گے۔

 وزیر صحت کرناٹک کے۔سدھاکر نے کہا کہ ریاست میں نئے سال کی تقریبات اور اجتماعات پر پابندی رہے گی۔بیرونی احاطوں میں کسی بھی تقریب یا پارٹیوں کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی،خاص طور پر ڈی جے سسٹم کے ساتھ جشن منانے والوں اور بڑے اجتماعات پر کرناٹک میں مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ساتھ ہی وزیرصحت کرناٹک نے یہ بھی کہا کہ کھانے پینے کے مقامات،ہوٹلوں،ریستورانوں،پب کے احاطوں میں صرف 50 افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔یاد رہے کہ ملک میں اب تک اومی کرون کے 422 کیس ریکارڈ  ہوئے ہیں۔اور یہ کیس زیادہ تر مہاراشٹر اور دہلی میں درج ہوئے ہیں۔

کوویڈ متاثرین کی تعداد میں اضافہ اور اومی کرون معاملات کے درج ہونے کے بعد ملک کی 6 ریاستوں میں نائٹ کرفیو ،دفعہ 144 کا نفاذ یا پھر مختلف پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں۔گجرات کے 8 شہروں احمد آباد، راجکوٹ، سورت، جونا گڑھ، جام نگر، بھاؤنگر اور گاندھی نگر میں لگائے گئے نائٹ کرفیو میں توسیع کرتے ہوئے اب 25 ڈسمبر سے رات 11 بجے سے 5 بجے صبح تک توسیع دی گئی ہے جبکہ یہ رات 1 بجے سے صبح 5 بجے تک نافذالعمل تھا۔

مدھیہ پردیش میں 23 ڈسمبر کی رات سے کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے،وہیں دہلی اور مہاراشٹرا میں دفعہ 144 کے ساتھ مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

جبکہ ریاست ہریانہ میں بھی یکم جنوری سے رات کے کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے۔اترپردیش میں بھی 25 ڈسمبر سے رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

اب ریاست کرناٹک کے اعلان کے بعد ملک کی 7 ریاستوں میں رات 11 بجے سے 5 بجے صبح تک نائٹ کرفیو نافذ رہے گا جبکہ ملک کی دو ریاستوں میں دفعہ 144 نافذ رہے گا۔

جبکہ ریاست تلنگانہ میں بھی جلسوں، جلوسوں اور ریالیوں پر کل 25 ڈسمبر سے ہی پابندی عائد کردی گئی ہے،بڑے عوامی اجتماعات اور نئے سال کے جشن کے لیے بھی کئی شرائط عائد کی گئی ہیں۔