پنجاب: لدھیانہ کی عدالت کے احاطہ میں دھماکہ، دو ہلاک،چار زخمی

پنجاب: لدھیانہ کی عدالت کے احاطہ میں دھماکہ
دو ہلاک، چار شدید زخمی

لدھیانہ: 23۔ڈسمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)

پنجاب کے شہر لدھیانہ کی عدالت کے احاطہ میں آج دوپہر ہونے والے ایک دھماکہ میں دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ میڈیا اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ اس دھماکہ ایک شخص ہلاک ہوا ہے! جبکہ اس دھماکہ میں چار افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

اس دھماکہ کے بعد چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست پنجاب میں جوں جوں اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں چند ملک دشمن اور عوام دشمن طاقتیں ان حرکتوں کے ذریعہ ریاست میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک میٹنگ میں ہیں لیکن اس میٹنگ کو درمیان میں ہی ختم کرکے لدھیانہ کے لیے روانہ ہورہے ہیں۔

مبینہ طور پر دھماکہ آج دوپہر 12:22 بجے عدالت کی عمارت کی دوسری منزل پر ایک باتھ روم کے اندر ہوا۔دھماکے سے باتھ روم کی دیواروں کو نقصان پہنچا اور عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔اس دھماکہ سے قریبی کمروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت ضلعی عدالت عوام سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی اور عدالت میں حسب معمول کام جاری تھا۔

جائے مقام سے سامنے آئے ویڈیوز میں دیکھا جارہا ہے کہ پولیس زخمیوں کو ہسپتال منتقل کررہی ہے اور اس علاقہ سے عوام کو خالی کروایا جارہا ہے۔

لدھیانہ کے پولیس چیف گرپریت سنگھ بھلر نے میڈیا کو بتایا کہ ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔”شاید وہ شخص یا تو دھماکہ خیز مواد لے کر جا رہا تھا یا دھماکہ کے وقت وہ بہت قریب تھا۔انہوں نے کہا  دہلی سے این ایس جی ٹیم کی آمد کا انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دھماکہ کے چار زخمیوں کی حالت خطرہ سے باہر ہے۔”

یہ دھماکہ لدھیانہ شہر کے وسط میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے دفتر کے بہت قریب موجود عدالتی عمارت میں سیکورٹی کی ایک بڑی خامی کو ظاہر کرتا ہے۔تحقیقات اس بات پر مرکوز ہیں کہ سیکیورٹی کے باوجود دھماکہ خیز مواد عدالتی احاطے میں کیسے لے جایا گیا؟۔

ڈی جی پی پنجاب سدھارتھ چٹوپادھیائے نے اس دھماکہ سے متعلق کچھ بھی کہنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورنسک جانچ کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے اور اس سے قبل کچھ کہنا ٹھیک نہیں ہے۔