تلنگانہ میں بڑھتے اومی کرون کے کیس
آج ایک ہی دن میں 14نئے معاملات درج
ریاست میں جملہ متاثرین کی تعداد 38 ہوگئی
حیدرآباد: 22۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں تشویشناک طور پر اومی کرون متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ریاست میں اس نئے وائرئنٹ کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ حکومت اور عوام کے لیے تشویشناک ہے اور لازمی ہے کہ عوام کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں اور ماسک کا استعمال لازمی طور پر کریں۔
تلنگانہ کے محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ آج 22 ڈسمبر کو ایک ہی دن اومی کرون کے 14 کیس درج ہوئے ہیں۔
ان متاثرین میں دو کا تعلق افریقی ممالک سے ہے جبکہ دیگر 12 متاثرین دیکر ممالک سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے ہیں۔آج ریکارڈ شدہ ان 14 اومی کرون متاثرین کو ملاکر تلنگانہ میں اب اومی کرون متاثرین کی تعداد 38 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق مزید چار مشتبہ افراد کی رپورٹ کا انتظار ہے جن کے نمونے جینوم سیکوینسنگ کو روانہ کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ریاست کے سرسلہ ضلع میں اومی کرون سے متاثر پائے گئے ایک شخص کی ماں اور بیوی کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں ان کے نمونے بھی جانچ کی غرض سے جینوم سیکوینسنگ کو روانہ کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ بلٹین میں بتایا گیا ہے کہ آج 22 ڈسمبر کو ریاست میں اندرون 24 گھنٹے 182 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور ایک کورونا متاثر کی موت واقع ہوئی ہے۔
اس طرح اس وباء کے آغاز کے بعد سے ریاست تلنگانہ میں جملہ 6,72,447 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 4،017 کورونا متاثرین کی موت واقع ہوئی ہے۔
مرکزی اورریاستی حکومتوں،محکمہ صحت اور طبی ماہرین کی جانب سے بار بار عوام کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔ماسک لازمی طور پر پہنیں،عوامی مقامات اور مجمع سے دور رہیں۔

