تانڈور کے باڈی بلڈرشیخ واصف کو مسٹر تلنگانہ مقابلہ میں سلور میڈل
نوجوان بری عادتوں اور مشاغل سے دور رہیں،جسمانی قوت ایک بہت بڑی نعمت
تہنیتی تقریب سے سرکل انسپکٹر پولیس راجندر ریڈی کا خطاب
وقارآباد/تانڈور: 10۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
گزشتہ دنوں ہنومان وائم شالہ،سلطان بازار حیدرآباد میں تلنگانہ باڈی بلڈنگ اسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ ریاستی سطح کے مسٹر تلنگانہ اوپن باڈی بلڈنگ مقابلہ میں 95 کلو کے زمرہ میں دوسرا مقام حاصل کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کرنے والے الٹی میٹ فٹنس جم تانڈور کے تربیت یافتہ شیخ واصف کو آج شام الٹی میٹ فٹنس جم میں تہنیت پیش کی گئی۔

اس تقریب میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندر ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں شیخ واصف اور الٹی میٹ فٹنس جم کے مالک و ٹرینر محمد اعجاز کو مبارکباد دی اور کہا کہ شیخ واصف کا ان مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے سلور میڈل حاصل کرنا شہریان تانڈور کے لیے باعث فخر اور دیگر نوجوانوں کے لئے ایک مشعل راہ ہے۔
اس موقع پر سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندرریڈی نے کہا کہ بہتر جسمانی طاقت خدا کی نعمت ہوتی ہے جس کی حفاظت کرتے ہوئے ذہنی طور پر بھی چست اور تندرست رہا جاسکتا ہے۔
سرکل انسپکٹر پولیس راجندرریڈی نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ نشیلی ادویات،تمباکو،سگریٹ،گٹکھا،شراب نوشی اور دیگر مشاغل سے دور رہیں اس سے سوائے جسمانی اور ذہنی بربادی کے کچھ اور حاصل نہیں ہوتا۔کیونکہ نوجوان اس ملک اور قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔
اس تقریب میں شیخ واصف کو شال و گلپوشی اور یادگار مومنٹو پیش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی اور کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کریں اور غلط شوقوں سے خود کو دور رکھتے ہوئے اپنی صحت کو بہتر طور پر قائم رکھیں۔

اس تقریب میں نعمت اللہ شریف،الٹی میٹ فٹنس جم تانڈور کے مالک و ٹرینر محمد اعجاز،سابق صدر جماعت اسلامی ہند تانڈور سراج صمدانی،سابق رکن بلدیہ محمد عرفان، فزیو تھراپسٹ محمد معراج،سمیر فروٹ،محمد شوکت علی،محمد متین،خلیل اللہ شریف،سعادت کے علاوہ دیگر شریک تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی شیخ واصف نے انہی مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔

