تلنگانہ میں اب ماسک پہننا لازمی
خلاف ورزی پر ایک ہزار روپئے کا ہوگا جرمانہ
آج سے ہی احکامات نافذ
حیدرآباد: 02۔ڈسمبر(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ملک اور ریاست میں کورونا وائرس کی وباء کی شدت کا زور کم ہونے لگا تھا اور عام زندگی پٹری پر لؤٹ رہی تھی کہ ایسے میں کورونا وائرس کی دوسری شکل اومی کرون وائرئنٹ سے پوری دنیا چوکس ہوگئی ہے۔
طبی ماہرین نے انتباہ دیا ہے کہ اگر ملک میں شروعات میں ہی چوکسی نہیں برتی گئی اور کوویڈ قواعد پر عمل نہیں کیا گیا تو اس کے کورونا وائرس کی تیسری لہر میں تبدیل ہونے کا امکان ہے!
ان حالات کو دیکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے آج 2 ڈسمبر سے ہی ریاست میں بازاروں، کاروباری اداروں میں ماسک نہ پہننے والوں پر 1،000 (ایک ہزار روپئے) جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ لاگو کردیا ہے۔
(اس سلسلہ میں 11 اپریل 2021ء کو حکومت تلنگانہ کے چیف سیکریٹری سومیش کمار کی جانب سے جاری کردہ G.O.NO.: 82 لاگو کردیا گیا ہے)

جبکہ اومی کرون کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو چوکس کرتے ہوئے تمامتر احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے اور ساتھ ہی بیرون ممالک سے آنے والے مسافرین کی طبی جانچ کے احکام جاری کیے ہیں۔
اس سلسلہ میں مرکزی حکومت نے باقاعدہ رہنمایانہ اُصول بھی جاری کیے ہیں۔اس کے بعد حکومت تلنگانہ بھی مزید چوکس ہوگئی ہے اور اومی کرون کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے بھی محکمہ صحت کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔
جس کے بعد ہیلتھ ڈائرکٹر تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے انتباہ دیا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے کسی بھی وقت آنے کا امکان ہے۔! انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ عوام تمامتر احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں اور کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے ساتھ ہی کوویڈ ویکسین کے ٹیکے لیے جائیں۔
انہوں نے انتباہ دیا کہ کام کے مقامات پر،عوامی مقامات پر لازمی طور پر ماسک پہنا جائے، عوامی مقامات سے عوام دور رہیں ساتھ ہی انسانی فاصلہ کا خاص رکھیں۔
ساتھ ہی ڈاکٹر جی سرینواس راؤ ہیلتھ ڈائرکٹر تلنگانہ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ جہاں کہیں جائیں اپنے ساتھ ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی طور پر لے جائیں۔
ڈاکٹر جی سرینواس راؤ ہیلتھ ڈائرکٹر تلنگانہ نے اعلان کیا ہے کہ آج 2 ڈسمبر سے ہی ماسک نہ پہننے والوں پر 1،000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا اور اس پر آج سے ہی عمل آوری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ بازاروں میں ماسک نہ پہننے والوں پر 1،000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے۔

