حیدرآباد ایرپورٹ پر دبئی سے پہنچے مسافرکے قبضہ سے 16 لاکھ روپئے مالیتی 320 گرام سونا ضبط
اسمگل شدہ سونا ڈیوڈرنٹ کی بوتلوں اور کھلونا کاروں میں چھپاکر لایا گیا تھا
حیدرآباد: 25۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآبادکے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آبادایرپورٹ) پرکسٹم عہدیداروں کی چوکسی کے باعث ہر دوسرے دن غیرممالک سے آنے والے مسافرین کے قبضہ سے بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا،بیرون ممالک کی کرنسی اور دیگر ممنوعہ اشیا کی ضبطی کی اطلاعات عام ہوکر رہ گئی ہیں۔ پھر بھی یہ گورکھ دھندہ جوں کا توں جاری ہے!۔
آج 25 نومبر کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آبادایرپورٹ) پر کسٹم عہدیداروں نے فلائٹ نمبرAI952کے ذریعہ دبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 320 گرام سونا ضبط کرلیا ہے۔جس کی مالیت 15 لاکھ 75 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔
کسٹم عہدیداروں کے مطابق اسمگل کیے جانے والے اس سونا کو ڈیوڈرنٹ Deodrant کی سلور بوتلوں اورکھلونا کاروں میں چھپاکر لایا گیا تھا۔اور ان اشیاء کو اس مسافرکے بیاگ سے برآمد کرتے ہوئے ضبط کرلیا گیا۔بعدازاں اس مسافر کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحویل میں لے لیا گیا۔
یاد رہے کہ کل 24 نومبر کو ہی شارجہ سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سےکسٹم کے عہدیداروں نے 233.4 گرام سونا ضبط کیا تھا جس کی مالیت 11 لاکھ 56 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔یہ مسافر اس سونا کو دستی گھڑیوں میں چھپاکر لایا تھا۔
جبکہ تین دن قبل یعنی 22 نومبر کو حیدرآباد کے اس انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کسٹم کے عہدیداروں نے شارجہ سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچیں دو خاتون مسافرین کے قبضہ سے 55.000 متحدہ عرب اماارت کے درہم اور 970 امریکی ڈالرس ضبط کیے تھے۔جن کی مالیت 11 لاکھ 49 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔
اسی دن کسٹم عہدیداروں نے ایک خاتون مسافر کے قبضہ سے 350 گرام سونا ضبط کرلیا تھایہ خاتون دوبئی سے حیدرآباد کےشمس آباد ایرپورٹ پہنچی تھیں۔اس خاتون کے قبضہ سے ضبط کیے گئے سونا کی قیمت 17 لاکھ 69 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔
پھر اسی دن اپنی تیسری کارروائی میں کسٹم کے عہدیداروں نے آئی فونس کی اسمگلنگ میں مصروف ایک شخص کے قبضہ سے 9 آئی فون 13Pro ضبط کرلیے تھے۔جن کی مالیت 8 لاکھ 37 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔یہ مسافر شارجہ سے حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچاتھا۔
اس طرح 22 نومبر کوکسٹم عہدیداروں نے ان چاروں مسافرین کے قبضہ سے جملہ 37 لاکھ 50 ہزار روپئے مالیتی سونا، درہم، امریکی کرنسی اور آئی فونس ضبط کیے تھے۔
” 22 نومبر کو شمس آباد ایرپورٹ پر ضبط شدہ غیرممالک کی کرنسی،سونا اور آئی فونس کی تفصیلی رپورٹ اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہے”

