گلبرگہ میں ایک سرکاری عہدیدار کے مکان کی پائپ لائن سے اے سی بی عہدیداروں نے 25 لاکھ روپئے ضبط کیے

گلبرگہ میں ایک سرکاری رشوت خور عہدیدار کے مکان کی پائپ لائن سے
اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے 25 لاکھ روپئے ضبط کیے۔
کرناٹک کے مختلف مقامات پر اینٹی کرپشن بیورو کے بڑے پیمانے پردھاوے

گلبرگہ/کلبرگی: 24۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست کرناٹک کے شہر گلبرگہ میں آج محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے عہدیداروں کو اس وقت حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب ایک محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے جونیئر انجینئرکے مکان پر دھاوے کے دؤران مکان میں نصب پلاسٹک کے ڈرین کے پائپ لائن میں چھپائے گئے 25 لاکھ روپئے برآمد ہوئے۔

    بتایا جارہا ہے کہ یہ رقم بطور رشوت حاصل کی ہوئی ہے اور اس پائپ لائن کو پانی بہانے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے نوٹ چھپانے کے لیے کیا جارہا تھا۔

اس ویڈیو کو اے سی بی عہدیداروں کی جانب سے میڈیا کے روبرو پیش کرنے کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح مکان کے اوپر سے اے سی بی عہدیدار لکڑی کی مدد سے ان نوٹوں کو نیچے ڈھکیل رہے ہیں اور نیچے پائپ کے کونے پر پلاسٹک کی بکیٹ لے کر کھڑے ہوئے اے سی بی کے عہدیدار اس بکیٹ کو نوٹوں سے بھررہے ہیں بالآخر پلاسٹک بکیٹ ان نوٹوں سے بھرجاتی ہے۔

ایک اور اطلاع میں بتایا جارہا ہے کہ اس رشوت خورمحکمہ پی ڈبلیو ڈی کے جونیئر انجینئر شانتا گوڑ بیرادر کے اس مکان سے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے جملہ 54 لاکھ روپئے کی نقد رقم ضبط کی ہے!!

” اس واقعہ کا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "

     اطلاعات کے مطابق مختلف سرکاری محکمہ جات کے 15 عہدیداروں کے پاس آمدنی سے زیادہ اثاثے موجود رہنے کی اطلاع پر آج محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے عہدیداروں کی کئی ٹیموں نے ریاست کرناٹک کے 60 مقامات پر دھاوےمنظم کیے۔

ان میں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے 8 ایس پیز، 100 عہدیداروں اور 300 ملازمین پرمشتمل ان ٹیموں نے 15 سرکاری عہدیداروں کے مکانات اور دفاتر پر ایک ہی وقت میں دھاوے منظم کیے۔

    اس خصوصی مہم کے دؤران محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے گلبرگہ میں محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے جونیئر انجینئرشانتا گوڑ بیرادر کے مکان پر بھی دھاوہ منظم کیا۔اس دھاوے کے دؤران تلاشی مہم میں اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں کو شبہ ہوا کہ اس رشوت خور عہدیدار نے پانی کے اخراج کے لیے لگائے جانے والے پلاسٹک کے پائپ میں رقم کو چھپایا ہے جس کے بعد پلمبر کی مدد سے مکان کے باہر کے حصہ میں موجود اس پائپ لائن کو جب کاٹا گیا تو اس میں سے 500 اور 2000 روپئے مالیتی نوٹ گرنے لگے۔ جنہیں پلاسٹک کی بکیٹ میں جمع کرتے ہوئے ضبط کرلیا گیا۔

        دوسری جانب آج ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے سابق پراجکٹ مینیجئر واسو دیو ،جنرل مینجئربی۔کرشنا ریڈی،جوائنٹ ڈائرکٹر ٹی ایس ردریشپا ،منگلور کے ایگزیکٹیوانجینئرکے ایس لنگا گوڑہ،مانڈیا کے ایگزیکٹیوانجینئر سرینواس،ریونیو انسپکٹر دودبلاپورلکشمی نرسمیا،

اور گدگ ضلع کے 15سرکاری عہدیداروں کے مکانات اور دفاتر پر دھاوے کرتے ہوئے غیر محسوب اثاثہ جات کے معاملہ میں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو نے مقدمات درج کرلیے ہیں۔اطلاعات ہیں کہ آج شام دیرگئے تک بھی ان عہدیداروں کے قبضہ سے برآمد جائیدادوں کے دستاویزات اور ضبط کی گئی رقم کی جانچ جاری ہے!!۔

Video Sources: Social Media *  Photos: Video ScreenShots