تمل ناڈواور آندھراپردیش کے بعد اب بشمول حیدرآباد تلنگانہ کے 15اضلاع میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی، آرینج الرٹ جاری

تمل ناڈواور آندھراپردیش کے بعد اب
بشمول حیدرآباد تلنگانہ کے 15 اضلاع میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی 
محکمہ موسمیات حیدرآباد کی جانب سے آرینج الرٹ جاری

حیدرآباد:20۔نومبر(سحر نیوزڈاٹ کام)

خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں شدید کمی کے باعث گزشتہ ایک ہفتہ سے شدید بارش اور طوفان نے ریاست تمل ناڈو کو شدید نقصان پہنچانے کے بعد طوفان اآندھراپردیش کی جانب بڑھاہے۔

جہاں گزشتہ تین دنوں سے بالخصوص رائلسیما علاقہ میں شدید بارش ،طوفان و بادوباراں کے باعث شدید تباہی مچی ہے ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں وہیں ہزاروں مواضعات سیلابی پانی میں محصور ہیں، برقی سربراہی مقطع ہے، سڑکیں بہہ گئی ہیں اور کئی تالابوں اور پراجکٹس کے پشتے ٹو ٹ گئے ہیں۔اس شدید بارش اور سیلابی صورت حال کے دؤران زائد از 80 افراد لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔

ایسے میں محکمہ موسمیات حیدرآباد نے آج آرینج الرٹ جاری کرتے ہوئے پیش قیاسی کی ہے کہ بشمول حیدرآباد ریاست کے 15 اضلاع میں 48 گھنٹوں کے دؤران شدید ترین بارش ہوسکتی ہے اور چند مقامات پر طوفانی بارش کا امکان بھی ہے!۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی نے طوفان کا رخ اختیار کرتے ہوئے ساحل سمندر کو پار کیا ہے اور اس کے اثرات سے ہی ریاست تلنگانہ میں شدید ترین بارش کا امکان ہے۔وہیں کئی اضلاع میں شدید ترین اور موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق اضلاع رنگاریڈی اور میڑچل کے حدود میں چند مقامات پر شدید ترین اور موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

جبکہ محکمہ موسمیات نے ریاست کے اضلاع حیدرآباد، نارائن پیٹ،کھمم، ناگرکرنول، وقارآباد، سنگاریڈی، کاماریڈی،محبوب نگر، ونپرتی ، جوگو لامبا گدوال،نلگنڈہ ، بھونگیر  اور سوریہ پیٹ کے لیے " آرینج الرٹ ” جاری کرتے ہوئے پیش قیاسی کی ہے کہ ان اضلاع میں شدید ترین بارش کا امکان ہے۔تمام عہدیداروں اور عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔