شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کو اغوا کیا گیا تھا
مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک کا سنسنی خیز دعویٰ
ممبئی: 07۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
مہاراشٹرا کے وزیر ونیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی ترجمان نواب ملک نے آج سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے کہ فلم اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا تھا اور ایک سیلفی کی وجہ سے ان کا کھیل برباد ہو گیا تھا۔
نواب ملک نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ممبئی زونل ڈائرکٹر سمیر وانکھیڈے پر بھی اغوا کی سازش کا حصہ ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی لیڈر موہت کمبوج نے یہ پورا کھیل رچا تھا۔جن کے سمیر وانکھیڈے سے اچھے تعلقات ہیں اور وہ ممبئی میں 12 ہوٹل چلاتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہاز پر آریان خان جیسے لوگوں کو لالچ دینے اور منشیات کے کیس میں پھنسانے کی سازش کی گئی تھی۔یاد رہے کہ 23 سالہ آریان خان کو 2 اکتوبر کی رات ممبئی سے گوا جارہی ایک کروز سے ممبئی زونل ڈائرکٹر نارکوٹکس کنٹرول بیورو سمیر وانکھیڈے کی قیادت میں دھاوہ کے بعد گرفتار کیا گیا تھا جس میں مبینہ طور پر منشیات ضبط کی گئی تھیں۔

بعدازاں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل کے بعد آریان خان کو 8 اکتوبر کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل منتقل کیا تھا جنہیں بمبئی ہائی کورٹ نے 28 اکتوبر کو ضمانت منظور کی تھی۔
آج ممبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے وزیر ونیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی ترجمان نواب ملک نے کہا کہ آریان خان نے کروز کا ٹکٹ نہیں خریدا اور سیر پر گئے کہ وہ پرتیک گابا اور عامر فرنیچر والا کی وجہ سے وہاں گئے تھے۔ نواب ملک نے کہا کہ میں سیدھا کہنا چاہتا ہوں کہ یہ ” اغوا اور تاوان کا معاملہ ہے،”۔
” مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک کی پریس کانفرنس کا مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "
مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک نے کہا کہ بی جے پی لیڈر موہت کمبوج کے ایک رشتہ دار نے یہ جال بچھایا تھا۔آریان خان کو وہاں لے جایا گیا اور 25 کروڑ کے اغوا اور تاوان کا کھیل شروع کر دیا گیا۔18 کروڑ میں ڈیل ہوئی 50 لاکھ روپے ادا کیے گئے لیکن ایک سیلفی نے گیم کو برباد کر دیا اور یہی سچ ہے۔
نواب ملک نے کسی کا نام نہیں لیا لیکن ان کا اشارہ بظاہر خانگی ڈٹیکٹیو کے پی گوساوی کی آریان خان کے ساتھ سیلفی کی جانب تھا جو کروز پر دھاوہ کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے وضاحت جاری کی تھی کہ اس شخص کا نارکوٹکس کنٹرول بیورو سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
کے پی گوساوی کو بعدازاں ایک دھوکہ دہی کے قدیم کیس میں پونہ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک نے بی جے پی لیڈر موہت کمبوج کو بھی اس کیس میں ماسٹر مائنڈ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ وصولی کے ریکیٹ میں این سی بی کے زونل ڈائرکٹرسمیر وانکھیڈے کے ساتھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشف خان سمیت مہاراشٹرا کے وزیر اسلم شیخ اور دیگر کئی وزراء کے بچوں کو کروز پر لانے کا منصوبہ بھی تھا اور وہ مہاراشٹر حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن یہ منصوبہ ناکام ہوا۔
یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگا کہ مہاراشٹرا کے وزیر ونیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی ترجمان نواب ملک آریان خان کی گرفتاری کے بعد سےمسلسل اس معاملہ میں کئی ایک انکشافات اور الزامات عائد کرتے جارہے ہیں۔آج کی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملہ سے جڑے ہوئے مزید انکشافات کریں گے اور باقاعدہ اس کے ویڈیو بھی جاری کریں گے۔

