وقارآبادضلع: تانڈور کا گورنمنٹ ضلع ہسپتال زچگیوں کی انجام دہی میں ریاست میں دوسرے نمبر پر

وقارآبادضلع : تانڈور کا گورنمنٹ ضلع ہسپتال زچگیوں کی انجام دہی میں ریاست میں دوسرے نمبر پر
اندرون پندرہ یوم”مدراینڈ چائلڈ کیئر سنٹر” میں خدمات کا آغاز،سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر روی شنکر کی پریس کانفرنس

وقارآباد/تانڈور: 06۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے تانڈور میں موجود 200 بستروں کا حامل گورنمنٹ ضلع ہسپتال ہمیشہ اس میں ہونے والی بدعنوانیوں اور خدمات میں تساہلی کے باعث سرخیوں میں رہا کرتا تھا۔ہر دوسرے دن اس ہسپتال میں نئے تنازعات اور مریضوں کے رشتہ داروں کی جانب سے الزامات و احتجاج کا چولی دامن کا ساتھ ہوا کرتا تھا۔

اس ہسپتال سے زچگی کے لیے رجوع کی جانے والی خواتین کے رشتہ داروں سے رشوت حاصل کرنا یا پھر کسی نہ کسی بہانے سے حاملہ خواتین اور دیگر مریضوں کو حیدرآباد روانہ کردئیے جانے سے بالخصوص غریب طبقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔تاہم گزشتہ چند ماہ سے تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال کی کارکردگی سے عوام بالخصوص غریب طبقہ کا سرکاری ہسپتالوں پر اعتماد بحال ہورہا ہے۔

تانڈور کے اس سرکاری ہسپتال سے روزآنہ زائد از 1500 اؤٹ پیشنٹ اور 150 سے زائد از اِن پیشنٹ مریض رجوع کیے جاتے ہیں جن کا تعلق حلقہ اسمبلی تانڈور کے تمام منڈلات و مواضعات کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاست کرناٹک کے قریبی مقامات،پڑوسی اضلاع محبوب نگر کے علاوہ وقارآباد ضلع کے مختلف مقامات سے ہوتا ہے۔

اس ہسپتال کو درپیش بلڈ بینک کا مسئلہ بھی اب حل ہوچکا ہے اور سی ٹی اسکیان کی خدمات بھی عوام کے لیے راحت کا باعث ہیں  وہیں کوروناوبا کے دؤران تانڈور کے اس سرکاری ہسپتال اور اس میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس،نرسوں اور دیگر طبی عملہ کی خدمات بھی لائق ستائش ہیں۔پھر اس کے ساتھ ساتھ کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے معاملہ میں بھی اس ہسپتال کی بہتر خدمات جاری ہیں

گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر روی شنکر نے آج پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ اس ہسپتال نے زچگیوں کی انجام دہی کے معاملہ میں پوری ریاست میں ایک اور ریکارڈ قائم کرتے ہوئے دوماہ کے دؤران زچگیوں کی انجام دہی کے معاملہ میں تانڈور کے اس گورنمنٹ ضلع ہسپتال نے پوری ریاست تلنگانہ کے سرکاری ہسپتالوں میں دوسرا نمبر حاصل کیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور ڈاکٹر روی شنکر نے میڈیا کو بتایا کہ ماہ ستمبر کے اس ہسپتال میں جملہ 686 زچگیاں انجام دیں جن میں سے 374 زچگیاں نارمل طریقہ سے اور312 زچگیاں آپریشن کے ذریعہ انجام دی گئیں۔اسی طرح ماہ اکتوبر میں تانڈور کے اس گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں جملہ 782 زچگیاں انجام دی گئیں جن میں سے 413 نارمل اور 369 زچگیاں آپریشن کے ذریعہ انجام دی گئیں۔

سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور ڈاکٹر روی شنکر نے میڈیا کو بتایا کہ ان دو ماہ کے دؤران جملہ 1468 زچگیوں کی انجام دہی کے باعث تانڈور کے اس سرکاری ہسپتال کو پوری ریاست میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ڈاکٹر روی شنکر نے کہا کہ ہسپتال کے شعبہ زچگی میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس اور تمام طبی عملہ کی جانب سے بہترین خدمات کی انجام دہی کے باعث یہ ممکن ہوپایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں تانڈور کے اس سرکاری ہسپتال کی تمام طبی سہولتوں اور خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری پیدا کی جائے گی۔

ساتھ ہی سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور ڈاکٹر روی شنکر نے میڈیا بتایا کہ حیدرآباد روڈ پر تعمیر کردہ "مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر” میں اندرون 15 دن طبی خدمات کی فراہمی کا آغاز کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔اور اب تک مختلف طبی آلات اس سنٹر میں منتقل کیے جارہے ہیں۔ڈاکٹر روی شنکر نے بتایا کہ اس مدر اینڈ کیئر سنٹر میں شعبہ زچگی، آپریشن تھیٹر،نومولود بچوں کا شعبہ،نیوٹریشن ریہابلشین سنٹر کے ساتھ مدر اینڈ چائلڈ اؤٹ پیشنٹ شعبہ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔اس پریس کانفرنس آر ایم او ڈاکٹر آنند گوپال ریڈی بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ 30 اکتوبر کو ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتااندراریڈی نے حیدرآباد روڈ پر 20 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ 100 بستروں کے حامل اس "مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر” کا افتتاح انجام دیا تھا۔

  GovtDistrictHospitalTandur#