کرنول: بہتر علاج کی امید،نوجوان نے اپنی معشوقہ کی نعش لے کر 30 کلومیٹر کا سفر کیا
موٹرسیکل پر لڑکی کی نعش دیکھ کر زرعی مزدوروں نے پکڑلیا، پولیس کے حوالے
کرنول: 03۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
آندھرا پردیش کے کرنول ضلع میں ایک نوجوان نے سڑک حادثے میں زخمی ہونے والی اپنی معشوقہ کی نعش کو موٹرسیکل پر لادکر اس کے بہتر علاج کی امید کے ساتھ 30 کلومیٹر کا سفر طئے کیا۔جبکہ حادثہ میں شدید زخمی اس لڑکی کا معائنہ کرنے کے بعد پرائمری ہیلتھ سنٹر میں اس لڑکی کو مردہ قرار دیا گیا تھا۔
تاہم نوجوان اس امید کے ساتھ لڑکی کی نعش کو لے کر جارہا تھا کہ نندیال کے سرکاری اسپتال میں منتقل کیا گیا تو اس کا بہتر علاج ہو گا۔اسی دؤران پانیم کے قریب چند زرعی مزدوروں نے ایک نوجوان کو موٹرسیکل کی پٹرول ٹینک پر ایک عورت کی نعش لے جاتےہوئے دیکھا تو شبہ کی بنیاد پر اسے روکا اور پولیس کے حوالے کردیا۔
پیر کی شام پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات سرکل انسپکٹر پولیس پانیم سی۔جیون کے مطابق پرکاشم ضلع کے ڈوناکونڈا کا ساکن پی۔وینکٹیشورلو انجینئرنگ کی تکمیل کے بعد مہاراشٹر کے شولاپور میں ایک خانگی کمپنی میں ملازمت کرتا ہے۔
وینکٹیشورلو کو ویلدرتی منڈل کے بھومی ریڈی پلی کی ساکن ارونا 24 سالہ سے محبت ہوگئی تھی لیکن ارونا کے والدین نے اس کی شادی کسی اور لڑکے سے طئے کردی اور یہ شادی 19 نومبر کو مقرر تھی۔
ارونا نے وینکٹیشورلو کو فون پر اپنی شادی کی اطلاع دی تو وینکٹیشورلو موٹرسیکل کے ذریعہ بومی ریڈی پلی پہنچ گیا اور ان دونوں نے طئے کیا کہ وہ گاؤں سے فرار ہوکر شادی کرلیں گے۔
بومی ریڈی پلی سے وینکٹیشورلو اور ارونا موٹرسیکل پر فرار ہوگئے اسی دؤران راملا کوٹہ کے قریب ارونا موٹرسیکل سے نیچے گرگئی اور اسے چوٹیں آئیں۔وینکٹیشورلو نے ارونا کو قریب ہی موجود اُورواکل منڈل کے حسینا پورم کے پرائمری ہیلتھ سنٹر منتقل کیا جہاں موجود طبی عملے نے بعد معائنہ ارونا کو مردہ قرار دیا۔
چونکہ پرائمری ہیلتھ سنٹر پر صرف طبی عملہ تھا اور کوئی ڈاکٹر نہیں تھا اس لیے وینکٹیشورلو ارونا کی نعش کو موٹر سائیکل پر نندیال کے سرکاری اسپتال منتقل کررہا تھا تاکہ اس کا علاج کروایا جا سکے۔
سرکل انسپکٹر پولیس پانیم سی۔جیون نے بتایا کہ اسی دؤران پانیم میں زرعی مزدوروں نے وینکٹیشورلو کو روکا کہ وہ ایک لڑکی کی نعش کو موٹرسیکل پر لے جارہا ہے اور اس کی اطلاع پولیس کو دی۔
بعدازاں پولیس نے نعش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کی غرض سے کرنول کے گورنمنٹ جنرل اسپتال منتقل کیا۔اس سلسلہ میں مشتبہ موت کا ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا۔پولیس نے وینکٹیشورلو کے ساتھ اس علاقہ کا دورہ کیا جہاں ارونا موٹر سائیکل سے نیچے گری تھی اور وہاں سے ثبوت و شواہد حاصل کیے گئے۔
سرکل انسپکٹر پولیس پانیم سی۔جیون نے بتایا کہ پولیس پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کررہی ہے کہ ارونا کی موت موٹرسیکل سے گرنے کی وجہ سے ہوئی یا معاملہ کچھ اور ہے؟

