تلنگانہ کے عادل آباد،بیلم پلی،جگتیال،آصف آباد اور دیگر مقامات پر 4.3 شدت کا زلزلہ
مہاراشٹرا کا گڈچیرولی تھا مبدا،کئی مکانات میں سامان گرنے کی اطلاع،عوام خوفزدہ
حیدرآباد:31۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ کے عادل آباد ، بیلم پلی ،جگتیال سمیت مختلف مقامات پر آج شام دیر گئے زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔اس زلزلہ کے جھٹکے کے ساتھ ہی خوف و ہراس کا شکار عوام اپنے مکانات سے باہر نکل آئے۔مکینوں نے بتایا کہ مختلف مقامات پر اس زلزلہ کے جھٹکے کے باعث مکانات میں رکھی ہوئیں مختلف اشیاء اور برتن گرگئے۔

زلزلوں کے جھٹکوں کو ریکارڈ کرنے والے قومی مرکز برائے زلزلہ سائنس National Center for Seismology نے آج شام دیر گئے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آج شام 6 بج کر 48 منٹ پر محسوس کیے گئے اس زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.3 ریکارڈ کی گئی ہے اور اس زلزلہ کا مبدا مہاراشٹرا کا ” گڈچیرولی” تھا۔
https://twitter.com/NCS_Earthquake/status/1454808034929102849
جگتیال کے بلدی حلقہ 30 اور جھنڈہ محلہ درور کے مکینوں نے بتایا کہ انہوں نے پانچ سیکنڈ تک اس زلزلہ کے جھٹکہ کومحسوس کیا۔اور اس زلزلہ سے مکانات میں رکھی ہوئیں اشیاء زمین پر گرگئیں۔زلزلہ کے اس جھٹکہ کو محسوس کرتے ہوئے خوفزدہ عوام اپنے مکانات سے باہر نکل آئے۔

جبکہ Volcano Discovery کی اطلاع کے مطابق گڈچیرولی سے 49 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ریاست تلنگانہ کے بیلم پلی،عادل آباد اور دیگر مقامات پر اس زلزلہ کی شدت کو محسوس کیا گیا جو کہ 77 کلومیٹر اندرونِ زمین تھا۔

اسی طرح کوڑی مریال منڈل دھمیاپیٹ میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد خوف و ہراس کا شکار عوام اپنے مکانات سے باہر نکل آئے۔یہاں کے عوام کے مطابق انہوں نے شام سات بج کر 15 منٹ پر باقاعدہ آواز کے ساتھ زلزلہ کا جھٹکہ محسوس کیے جانے کی عوام نے اطلاع دی ہے۔جس کے بعد یہاں بھی لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔
موضع کے عوام اس خدشہ سے اپنے مکانات کے باہر ہی ہیں کہ رات دوبارہ زلزلہ نہ آجائے! تاہم موضع کے سرپنچ تنکی نرسیا نے انہیں ہمت اور حوصلہ دیتے ہوئے اپنے اپنے مکانات میں واپس جانے کا مشورہ دیا تاہم عوام ہنوز خوفزدہ ہیں!
پیدا پلی ضلع کے گودواری کھنی،کومرم بھیم آصف آباد ضلع کے بیجور،چنتا مانے پلی منڈلات میں بھی تین سیکنڈ تک زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔
ادھر جگتیال ضلع سے موصولہ اطلاع کے مطابق جگتیال مستقر کے علاوہ سورنڈلا، کوڈی میال منڈل کے دمیا پیٹ، کورٹلہ ٹاؤن،میٹ پلی چیتنیا نگر اور بیرپور منڈل میں بھی آج شام دیر گئے 6 بج کر 49 منٹ پر زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔
وہیں منچریال ضلع کے لکشیٹی پیٹ کے علاوہ مختلف مقامات پر آج شام دیر گئے 6 بج کر 49 منٹ پر زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور عوام اپنے مکانات سے باہر نکل آئے۔

متحدہ ضلع عادل آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بیلم پلی، مندا مری، آصف آباد، ویمنا پلی اور بیجور کے بشمول دیگر مقامات پر آج شام دیر گئے پانچ منٹ تک زلزلہ کا جھٹکہ محسوس کیا گیا جس کے بعد خوف و ہراس کا شکار عوام اپنے مکانات سے باہر نکل آئے۔

