تلنگانہ میں یکم ستمبر سے 8 ویں جماعت تا پی جی خصوصی کلاسیس کے انعقاد کا امکان!حکومت کے قطعی فیصلہ کا انتظار

تلنگانہ میں یکم ستمبر سے 8 ویں جماعت تا پی جی خصوصی کلاسیس کے انعقادکا امکان

محکمہ تعلیمات کی سفارشی رپورٹ کے بعد حکومت کے قطعی فیصلہ کا انتظار

حیدرآباد: 13۔اگست(سحرنیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں یکم ستمبر بروز چہارشنبہ سے تعلیمی اداروں کی دوبارہ کشادگی کا امکان ہے تاہم اس سلسلہ میں ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ کے قطعی فیصلہ کا انتظار ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ 8 ویں جماعت تا پی جی خصوصی کلاسیس کے آغاز کے لیے محکمہ تعلیمات کی جانب سے تیاریاں کی جارہی ہیں! اور اس سلسلہ میں محکمہ تعلیمات نے کل جمعہ کے دن ہی وزیر اعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ کو ریاست میں تعلیمی اداروں کی کشادگی پرمشتمل سفارشی رپورٹ روانہ کی ہے۔

اور اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کورنا وائرس کی تیسری لہر آتی بھی ہے تو اس کے اثرات طلبہ پر زیادہ مرتب نہیں ہونگے! یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بھی کورونا وباء کی شدت میں کمی کو دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کی کشادگی کی سفارش کی تھی۔

محکمہ تعلیمات کی اس رپورٹ پر غور کرنے کے بعد آج رات یا پھر کل حکومت کی جانب سے کسی فیصلہ کا اعلان کیا جائے گا۔اور امکان ہے کہ اس سلسلہ میں حکومت تلنگانہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش سمیت ملک کی دیگر ریاستوں میں اسکولس اور کالجس کے آغاز کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ میں بھی ہائی اسکولس اور کالجس کی دوبارہ کشادگی کا اعلان کرسکتی ہے!

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ ریاست کے کئی اسکولس میں کوروناوائرس کے بڑھتے معاملات طلبہ اور اسٹاف کے کورونا سے متاثر ہونے کے واقعات کے بعد جاریہ سال 23 مارچ کو ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے وزیرتعلیم ، محکمہ صحت و محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کیساتھ ایک اجلاس منعقد کیا تھا جس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے مشورہ دیا تھا کہ ریاست میں تعلیمی اداروں کو بند کردیا جائے۔

جسکے بعد وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کی ہدایت پر وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے اسی دن اسمبلی میں ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولس کو 24 مارچ بروز چہارشنبہ سے غیر معینہ مدت کیلئے بند کردئیے جانے کا اعلان کیاتھا۔

حکومت کی جانب سے یکم جولائی سے تعلیمی اداروں کے آغاز کی تیاریاں کی جارہی تھیں تاہم ٹیچرس تنظیموں اور طلبہ کے سرپرستوں کی جانب سے اس کی مخالفت کے بعد 28 جون کو ریاستی وزیرتعلیم  پی۔سبیتا اندراریڈی نے اعلان کیا تھا کہ ریاست تلنگانہ میں یکم جولائی سے کے جی تا پی جی آن لائن کلاسیس کا آغاز ہوگا اس طرح آن لائن کلاسیس کا آغاز کیا گیا تھا جو کہ اب بھی جاری ہے۔