دو ہزار کروڑ روپئے دیں گے تو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دوں گا
بی جے پی ایم ایل اے گوشہ محل راجہ سنگھ کا اعلان
حیدرآباد: 13۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ جن کا بی جے پی سے تعلق ہے وقفہ وقفہ سے اپنے بیانات کے ذریعہ سرخیوں میں رہنے کے عادی ہیں۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ان ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں انہوں نے اپنی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور اس کی ایک وجہ یہ بتائی تھی کہ جہاں کہیں اسمبلی حلقوں کے لیے ضمنی انتخابات ہورہے ہیں وہاں رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لیے ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کروڑ ہا روپئے کے ترقیاتی کاموں کا اعلان کررہے ہیں۔
اور راجہ سنگھ نے کہا تھا کہ شاید ان کے استعفیٰ دینے کے بعد ہی حکومت ان کے اسمبلی حلقہ گوشہ محل کے ضمنی انتخابات کو دیکھتے ہوئے یہاں بھی کروڑوں روپئے کے ترقیاتی کاموں کا اعلان کردے؟
اسی دؤران آج تاریخی چارمینار کے دامن میں موجود بھاگیہ لکشمی مندر میں منعقدہ ایک تقریب کے بعد رکن اسمبلی حلقہ اسمبلی گوشہ محل رکن راجہ سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کے اسمبلی حلقہ کے لیے دو ہزار کروڑ روپئے منظور کیے جاتے ہیں تو وہ اس حلقہ سے مستعفی ہونے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں ٹی آرایس کی جانب سے خرچ کیا جانے والا پیسہ عوام کا ہے انہوں نے سابق وزیرصحت ایٹالہ راجندر (جنہوں نے عہدہ سے ہٹائے جانے کے بعد ٹی آرایس پارٹی اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے) کو ایک عوامی خدمت گزار قرار دیتے ہوئے ضمنی انتخابات میں انہیں کامیاب بنانے کی اپیل بھی کی۔
قبل ازیں صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن لوک سبھا بنڈی سنجے کی جانب سے منعقد کی جانے والی پدیاترا کے ضمن میں آج رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ ، سابق وزیر و سابق رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر اے۔چندراشیکھر اور بی جے پی قائد و تلگو فلم اداکار بابو موہن نے چارمینار کے پاس موجود بھاگیہ لکشمی مندر میں خصوصی پوجا کرتے ہوئے اس یاترا کوپرجا سنگرام یاترا کا نام دیا گیا۔
اس موقع پر ان بی جے پی قائدین نے کہا کہ 2023ء میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات تک مرحلہ وار سطح پر بی جے پی کی جانب سے یہ پرجا سنگرام یاترا منعقد کی جاتی رہے گی۔
بی جے پی قائدین نے کہا کہ 24 اگست سے بھاگیہ لکشمی مندر سے صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کی پدیاترا کا آغاز ہوگا اور یہ پدیاترا حیدرآباد سے حضورآباد تک منعقد کی جائے گی۔(جس کا فاصلہ 169 کلومیٹر طویل ہے)۔
یاد رہے کہ صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کی جانب سے 9 اگست سے اس پدیاترا کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا تاہم پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے آغاز اور بی جے پی کی جانب سے اپنے ارکان پارلیمان کو وہپ کی اجرائی کے باعث اس پدیاترا کو ملتوی کردیا گیا تھا کیونکہ مرکز کی بی جے پی حکومت کو کئی اہم بِل منظور کروانے تھے!!