جاپان میں شدید زلزلہ،سونامی کی وارننگ جاری
20 لاکھ مکانات برقی سربراہی سے محروم
ٹوکیو: 16۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی جاپان میں 7.3 شدت کے ایک طاقتور زلزلے نے دارالحکومت ٹوکیو کو ہلا کر رکھ دیا اورشمال مشرقی ساحل کے کچھ حصوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق زلزلہ کے شدید جھٹکے فوکوشیما سمیت جاپان کے مختلف شہروں میں بھی محسوس کیے گئے اور ان جھٹکوں سے جاپان کے کئی شہر لرز اٹھے ہیں۔
” زلزلہ کے دؤران لرزتا ہوا شہر اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے "
زلزلہ کے جھٹکے ٹوکیو اور سائی تامہ تک محسوس کیے گئے۔زلزلہ کے جھٹکوں کے دؤران خوفزدہ عوام سڑکوں پر نکل آئے۔تاہم زلزلہ کے فوری بعد جانی یا مالی نقصانات کی اطلاعات نہیں ہیں۔زلزلo کی گہرائی زیرسمندر 60 کلومیٹر(37 میل)تھی۔
جاپان کے مقامی وقت کے مطابق یہ زلزلہ رات 11:36 بجے محسوس کیا گیا۔جس کے فوری بعد شمال مشرقی فوکوشیما اور میاگی علاقوں کے ساحلوں کے لیے ایک میٹر کی سونامی لہروں کے لیے ایک وارننگ جاری کی گئی۔
” جاپان میں آئے شدید زلزلہ کے جھٹکہ کے دؤران ایک ٹرین کا اندرونی منظر دیکھا جاسکتا ہے”
https://twitter.com/AbyssChronicles/status/1504115251373035525
برقی فراہم کرنے والی کمپنی ٹیپکو کے نمائندہ نے میڈیا کو بتایا کہ شدید زلزلہ کے جھٹکہ کے بعد وسطی کانٹو کے علاقے میں زائد از 20 لاکھ مکانات برقی سے محروم ہوگئے ہیں۔جن میں ٹوکیو کے 7،00000 مکانات بھی شامل ہیں۔جبکہ علاقائی توانائی کمپنی توہوکو الیکٹرک پاور نے بتایا کہ شمال مشرق میں 1،56،000 مکانات میں برقی سبراہی بند ہے۔
وزیراعظم فومیئو کِشیدا Fumio Kishida نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت صورتحال کے متعلق معلومات حاصل کر رہی ہے۔
جاپان کی نیوکلیئر اتھارٹی کے مطابق 11 سال قبل 11 مارچ 2011 کو مشرقی ساحل پر 9.0 شدت کے زلزلے کے بعد تباہی کا شکار فوکوشیما پلانٹ میں کوئی غیر معمولی چیز نہیں پائی گئی۔جس سے ایک مہلک سونامی اور ایٹمی تباہی آئی۔عوامی نشریاتی ادارے NHK کے مطابق میاگی پریفیکچر کے اشینوماکی میں 20 سینٹی میٹر سونامی کی لہر ریکارڈ کی گئی۔جس نے فوکوشیما میں کچھ نقصانات کی تصاویر بھی دکھائیں۔
جبکہ حکومت جاپان کے اعلیٰ ترجمان ہیروکازو ماتسونو نے میڈیا کو بتایا کہ فوکوشیما اور میاگی میں پولیس اور ایمبولینس خدمات سے ربط میں ہیں اور ہم نقصانات کا اندازہ لگانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ہنگامی حکومتی ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے اور مقامی رہائشیوں کو آئندہ ہفتہ کے دوران ممکنہ شدید زلزلہ کے جھٹکوں سے خبردار کیا گیا ہے۔
علاقائی ٹرین کمپنی جے آر ایسٹ نے کہا ہے کہ ریلوے کی خدمات میں نمایاں رکاوٹ کا سامنا ہے۔یاد رہے کہ جاپان باقاعدگی سے زلزلوں کی زد میں رہتا ہے اور تعمیراتی ضوابط سخت ہیں جن کا مقصد یہ یقینی بنانا ہوتا ہے کہ عمارتیں زوردار زلزلہ کے جھٹکوں کو برداشت کرسکیں۔لیکن شمال مشرقی جاپان میں 2011کے زیر سمندر زلزلے کی یادوں سے عوام خوفزدہ و پریشان ہیں جس نے ایک مہلک سونامی کو جنم دیا تھا اور فوکوشیما جوہری حادثہ ہوا تھا۔
جمعہ کے دن ہی اس تباہی کی 11 ویں برسی کے موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی تھی تاکہ اس وقت سونامی میں ہلاک یا لاپتہ ہونے والے زائد از 18,500 افراد کو یاد کیا جا سکے۔

