ترکی اور شام کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو دنوں میں پانچ خوفناک زلزلے کے جھٹکے
5,300 سے زائد افراد جاں بحق،ہزاروں زخمی،سینکڑوں عمارتیں زمین بوس
ٹوئٹر پر نیدر لینڈ کے سائنسداں نے تین دن قبل ہی زلزلہ کی پیش قیاسی کی تھی
ہندوستان،پاکستان اور افغانستان میں بھی زلزلہ کی پیش قیاسی کے ویڈیو سے عوام خوفزدہ!؟
نئی دہلی: 07۔فروری
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)
کل پیر 6 فروری،پیر کی صبح مشرق وسطیٰ کےممالک ترکی،شام،لبنان اور اسرائیل زلزلے کے ہولناک و خوفناک جھٹکوں سے لرز گئے تھے۔کل شام تک ہی دوبارہ ترکی میں بڑی شدت کے مزید تین جھٹکے محسوس کیےگئے تھے،آج دوبارہ ایک اور 5.9 شدت کےزلزلہ نے ترکی میں مزید تباہی مچادی ہے۔
کل ترکی اور شام کے مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے شام کی سرحد کے قریب موجود ترکی کے جنوب مشرقی علاقوں میں 7.8 شدت کا پہلا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا اس وقت عوام گہری نیند میں تھے۔عینی شاہدین اور متاثرین نے میڈیا کو بتایا کہ پہلے زلزلہ کے جھٹکے کے وقت عوام سو رہے تھے لیکن عمارتیں 90 سیکنڈ تک بنا تھمے ہلتی رہیں۔
ترک اور بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کےمطابق ترکی اور شام میں اس زلزلہ کے باعث آج 7 فروری تک 5,300ے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔بی بی سی نے ترکی کے آفات سے نمٹنے والے قومی ادارہ کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ملک میں زلزلے سے اب تک 3,419 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ شام سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اب تک زلزلے سے 1,612 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی بچوں کی ایجنسی یونیسیف Unicef# نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ ان زلزلوں میں ہزاروں بچے ہلاک ہو سکتے ہیں۔ترکی اور شام میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کی اطلاعات کے درمیان یونیسیف کا کہنا ہے کہ پیر کے زلزلے اور اس کے بعد محسوس کیے جانے والے ہلکے اور تیزشدت کے جھٹکوں کے نتیجے میں ہزاروں بچے ہلاک ہو سکتے ہیں.
یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے یہ اندیشہ جنیوا میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیااور مزید کہا کہ تنظیم فی الحال ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد کا تعین کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔
عالمی ادارہ صحت WHO# کےمطابق ہلاکتوں کی تعداد اس سے آٹھ گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔ڈبلیو ایچ او کا کہناہےکہ ترکی اور شام کےزلزلے سے 23 ملین زندگیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اس بڑے زلزلے سے تقریباً 23 ملین افراد متاثر ہو سکتے ہیں جس میں اب تک 5,000 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے سینئر ایمرجنسی آفیسر ایڈیلہیڈ مارسچانگ نے کہا،”واقعہ کے جائزہ کےنقشے ظاہر کرتے ہیں کہ ممکنہ طور پر 23 ملین افراد متاثر ہو رہے ہیں،جن میں تقریباً 50 لاکھ کمزور آبادی بھی شامل ہے۔”
ترکی اور شام میں راحت اور بچاؤ کام جاری ہیں۔کئی بلند و بالاعمارتوں کے ملبے سے زندہ بچ جانے والوں اور نعشوں کا نکالا جارہاہے۔ہزاروں افردا ہنوز عمارتوں کے ملبے میں دبے ہوئے ہیں جو امداد کے لیے اپنے موبائل فونس کے ذریعہ علاقہ اور مقام سے ویڈیوز اور آڈیوز روانہ کرتے ہوئے مدد کی اپیل کررہے ہیں۔
ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک انتہائی لرزہ دینے والے ویڈیو کی سونامی آئی ہوئی ہے،جس میں دیکھاجاسکتاہے کہ ایک 9 سالہ لڑکی کیسے اپنے ساتھ ملبے میں پھنسے اپنے چھوٹے بھائی کے سر کو بچانے کے لیے اپنے ہاتھ کو ڈھال بنا کر پھنسی ہوئی ہے۔اور یہ دونوں محفوظ ہیں۔
آج شام دیر گئے تک بین الاقوامی میڈیا اطلاعات کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اب تک ترکی میں 5,300 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔جبکہ 32,500 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اور 10,000 افراد کو زندہ بچالیا گیاہے۔وہیں اس زلزلہ کے باعث ترکی میں 4,500 عمارتیں منہدم ہوئی ہیں۔وہیں اس زلزلہ کے باعث 3 لاکھ 50 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔اور ترکی کی حکومت نے ان زلزلہ سے متاثر دس علاقوں میں تین ماہ تک کی ایمرجنسی لگادی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایسی کئی ویڈیوز وائرل ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی منزلہ عمارتیں تاش کے پتوں کی طرح بکھر رہی ہیں۔اور وہاں موجود عوام کی جانب سے اللہ اکبر کے نعرے اوران کی چیخ و پکار لرزہ خیز ہیں۔زلزلے کے زوردارجھٹکوں سے ترکی کے زائداز 10 شہروں میں تباہی ہوئی ہے جبکہ ان زلزلہ کے جھٹکوں کو دارالحکومت انقرہ کےساتھ ساتھ ملک بھر میں محسوس کیا گیا۔ترکی کی حکومت نےہنگامی حالت کے نفاذ (ایمرجنسی) کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موبائل فون استعمال نہ کریں تاکہ امدادی کارکنوں کو رابطوں میں مشکلات پیش نہ آئیں۔
صبح 4 بجے پہلے زلزلہ کے بعد ترکی میں دوسرا زلزلہ دس بجے دن آیاجس کی شدت 7.6تھی،تیسرا جھٹکہ سہء پہر 3 بجے ریکارڈ کیا گیا جس کی شدت 6 تھی۔بعدازاں آج منگل کو بھی ترکی میں 5.9 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔
ترکی اور شام کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی شدت کے زلزلے آئے ہیں جس میں افسوسناک طور پر ہزاروں افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔جبکہ شام اور وہاں کے عوام پہلے ہی سے مختلف مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں۔کل لبنان اور اسرائیل میں بھی زلزلے کےجھٹکےمحسوس کیےگئے تاہم وہاں سئ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ٹوئٹر پر ترکی کے دو ایسے ویڈیوز بھی وائرل ہوئے ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زلزلہ کے جھٹکے سے عین قبل کس طرح بے چین پرندے اپنے گھونسلوں سے نکل کر عجیب و غریب آوازیں نکال رہے ہیں۔
دوسرے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کتا عمارت کے باہر خوفناک آواز نکال رہاہے۔
ماہرین اور بزرگوں کے مطابق زلزلوں کی پیش قیاسی کرنا ناممکن ہے۔لیکن زلزلہ آنے سے قبل کتے،بلیاں، دیگر جانور اور چرند و پرند عجیب و غریب حرکتیں کرتے ہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے اور یہی وارننگ ہوتی ہے۔!!
ترکی اور شام کے ہولناک زلزلوں میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کی اطلاع سے ساری دنیابے چین ہوکر رہ گئی ہے۔ترکی میں آئے زلزلہ اور اس میں انسانی ہلاکتوں پر وزیراعظم نریندر مودی نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ” 140 کروڑ ہندوستانیوں کے جذبات ترکی کے ساتھ ہیں۔”
ترکی کے عہدیداروں نے بی بی سی کو بتایا کہ 24 ہزار سے زائد امدادی کارکنان راحتی اور بچاؤ کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔مگر سرد موسم،ہلکی بارش و برفباری اور زلزلہ سے تباہ سڑکوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ، یورپی یونین اور نیٹو کے علاوہ ہندوستان،امریکہ، چین،برطانیہ، پاکستان، آسٹریلیا،روس،ایران،جاپان، عراق، یونان،نیوزی لینڈکے علاوہ دنیا کے 65 سے زائد ممالک نے ترکی اورشام کوامدادی سامان،رضاکاروں کے علاوہ مختلف ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت WHO# کے عہدیداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ترکی اور شام میں زلزلے سے 20 ہزار اموات واقع ہونے کا امکان ہے۔!
یہاں قبل غور بات یہ ہےکہ نیدر لینڈ سے تعلق رکھنے والےشمسی نظام جیومیٹری سروے (SSGEOS#) https://twitter.com/ssgeosکے محقق فرینک ہوگربیٹس نے 3 فروری کو ایک ٹویٹ میں پیش قیاسی کی تھی کہ جلد یا بادیر جنوبی وسطی ترکی، اردن، شام اور لبنان کے آس پاس کے علاقوں میں 7.5 شدت کا زلزلہ آئے گا۔اور ان کی یہ پیش قیاسی تین دن بعد ہی سچ ثابت ہوئی۔
https://twitter.com/hogrbe نے اپنی پیشن گوئی کےسچ ہونےکے بعد اپنے ایک ٹوئٹ میں دکھ کا اظہار کرتےہوئےلکھا ہے کہ”میرا دل وسطی ترکی میں آنے والے بڑے زلزلے سے متاثر ہونے والے ہر فرد کے لیے دکھتا ہے۔”
اب سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر اور یوٹیوب پر چند چینلوں کی جانب سے کہاجارہاہے کہ جلد یا بادیر ہندوستان،پاکستان،نیپال کے چند علاقوں میں بھی زلزلہ آسکتا ہے۔؟ کہ ترکی،شام اور لبنان میں آنے والے شدید زلزلوں سے تین دن پہلے نیدر لینڈ کے محقق فرینک ہوگربیٹس نے ٹوئٹر پر اس کی پیش گوئی کی تھی۔انہوں نے ہندوستان،پاکستان اور افغانستان میں زلزلے کی سرگرمیوں کا بھی اندازہ لگایا ہے۔!؟
وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں فرینک ہوگربیٹس کو افغانستان میں ایک بڑے زلزلے کی پیشین گوئی کرتےہوئے دیکھاجا سکتا ہے۔اس ڈچ محقق کے مطابق زلزلہ کی شدت بالآخر پاکستان اور ہندوستان کو عبور کرنے کے بعد بحر ہند میں ختم ہو جائے گا۔
نیدر لینڈ کےمحقق فرینک ہوگربیٹس کے اس ویڈیو کو پنجاب،پاکستان کے وزیر ابراہیم حسن مراد کے ڈائرکٹر محمد ابراہیم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” نیدر لینڈ کے محقق Hoogerbeets@ جنہوںنے تین دن پہلے ترکی اور شام میں زلزلے کی پیش گوئی کی تھی، نے پاکستان،ہندوستان اور افغانستان میں بھی میں شدت کے زلزلے کی پیش گوئی کی ہے۔
اس سلسلہ میں ٹوئٹس اور چند یوٹیوب چینلوں کے اس پیش قیاسی پرمشتمل خبروں کے ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد عوام میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔جبکہ سرکاری طور پر یا کسی بھی ہندوستانی ماہر نے ایسی کسی پیش قیاسی کی تائید یا تردید نہیں کی ہے۔!!
وہیں ٹوئٹر پر ایس ایس جی ای او ایس SSGEOSS# اپنی شناخت ایک تحقیقی تنظیم کےطور پر کرتاہےجو زلزلہ کی سرگرمیوں سے وابستہ آسمانی اجسام کے ساتھ جیومیٹری کو ٹریک کرتا ہے۔کچھ انٹرنیٹ صارفین نے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیاہے کہ کی گئی پیش گوئیاں درست نہیں ہیں۔اور عوام اس سلسلہ میں خوفزدہ نہ ہوں۔
https://www.facebook.com/mohammedsamiofficial/videos/720591146440359?idorvanity=228998767112114

