لہنگوں میں چھپا کر آسٹریلیا منتقل کی جارہی تین کلو منشیات این سی بی بنگلور نے ضبط کرلی
چنئی سے ایک شخص گرفتار،پارسل روانہ کرنے کے لیے غلط پتہ اور جعلی دستاویزات کا استعمال
بنگلور : 23۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ملک کے مختلف شہروں سے گزشتہ چند دنوں سے منشیات بشمول گانجہ کی ضبطی کی اطلاعات عام ہوتی جارہی ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ چند مالدار طبقہ بالخصوص نوجوان نسل کو مختلف مہنگی منشیات اور مڈل کلاس طبقہ کے نوجوانوں کو سستے گانجہ کی لت میں مبتلا کرکے ان کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کی جارہی ہے!!
نارکوٹکس کنٹرول بیورو( این سی بی) اور محکمہ پولیس کا ان منشیات اور گانجہ کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل جاری ہے روزآنہ ملک کی کسی نہ کسی ریاست سے منشیات اور گانجہ کی ضبطی کی خبریں میڈیا میں آرہی ہیں۔تاہم مختلف ذرائع اور طریقوں سے منشیات اور گانجہ کی اسمگلنگ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
ایسے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو بنگلور یونٹ کے عہدیداروں نے ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ایک چونکادینے والے معاملہ میں تین کلو منشیات کو ضبط کرلیا ہے جس کی مالیت کروڑہا روپئے بتائی جارہی ہے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ کھیپ جو آسٹریلیا بھیجی جانی تھی جو کہ لہنگوں میں چھپائی گئی تھی اور اس معاملہ میں ایک شخص کو چنئی سے گرفتار کیا گیاہے۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو بنگلور کے زونل ڈائریکٹر امیت گھواٹے کی قیادت میں ٹیم نے 21 اکتوبر کو اس پارسل کو روک لیا گیا جس میں سفید رنگ کا کرسٹل مادہ موجود تھا جسے ممنوعہ سیڈو فیدرین کہا جاتا ہے۔
ان لہنگوں پر کشیدہ کاری کی گئی فال لائن کی تہہ کھولنے کے بعد اس ممنوعہ شئے کو ان میں چھپائے جانے کا پتہ چلا۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداروں کے مطابق یہ پارسل آندھرا پردیش کے نرساپورم سے بُک کیا گیا تھا اور اسے آسٹریلیا بھیجا جانا تھا تاہم عہدیداروں نے اس کھیپ کا سراغ لگایا کہ یہ ٹاملناڈو کے چنئی سے روانہ کیا ہوا ہے۔

جس کے بعد این سی بی بنگلورو کے عہدیداروں نے یہ تفصیلات چنئی کے این سی بی عہدیداروں کو روانہ کیں جہاں دو دنوں تک تحقیقات اور تلاش کے بعد کل اس سلسلہ میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ اس شخص نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی غرض سے غلط پتہ اور جعلی دستاویزات استعمال کیے تھے۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو بنگلور یونٹ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس شخص سے پوچھ تاچھ کے بعد مزید انکشافات کا امکان ہے!!۔

